آج اور کل ملک بھر میں شدید بارشوں کا امکان، شہری علاقوں میں اربن فلڈنگ اور پہاڑی علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ

جمعہ 31 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

محکمہ موسمیات نے خبردار کیا ہے کہ مشرقی بھارتی ریاست مدھیہ پردیش پر موجود گہرا کم دباؤ (ڈیپ ڈپریشن) مغرب کی جانب بڑھ رہا ہے، جس کے زیرِ اثر مون سون ہوائیں مسلسل پاکستان کے مشرقی اور وسطی علاقوں میں داخل ہو رہی ہیں۔ اس موسمی نظام کے باعث آج (جمعہ) اور یکم اگست (ہفتہ) کے دوران ملک کے مختلف علاقوں میں گرج چمک کے ساتھ بارش، جبکہ بعض مقامات پر موسلادھار بارش کا امکان ہے۔

مزید پڑھیں:موسلادھار بارشوں کا الرٹ، فلیش فلڈ اور لینڈ سلائیڈنگ کا خدشہ، فیصل آباد میں 2 بچے جاں بحق

محکمہ موسمیات کے مطابق اسلام آباد، راولپنڈی، پوٹھوہار، پشاور، نوشہرہ، گوجرانوالہ، گجرات، سیالکوٹ، لاہور، فیصل آباد اور سندھ کے نشیبی علاقوں میں اربن فلڈنگ کا خدشہ ہے، جبکہ بالائی خیبرپختونخوا، مری، گلیات اور آزاد کشمیر کے حساس علاقوں میں لینڈ سلائیڈنگ ہو سکتی ہے۔ آزاد کشمیر، اسلام آباد، شمال مشرقی پنجاب، خیبرپختونخوا، ڈی جی خان کے برساتی نالوں اور شمال مشرقی بلوچستان میں فلیش فلڈنگ کا بھی خطرہ ظاہر کیا گیا ہے۔

آج اور کل آزاد کشمیر، خیبرپختونخوا، اسلام آباد اور پنجاب میں گرج چمک کے ساتھ بارش اور چند مقامات پر شدید سے انتہائی شدید بارش متوقع ہے۔ سندھ اور شمال مشرقی بلوچستان میں بھی مختلف مقامات پر بارش کی پیش گوئی کی گئی ہے۔

مزید پڑھیں: پنجاب کے بیشتر دریاؤں میں سیلابی صورتحال معمول پر، 5 اگست تک مزید بارشوں اور فلیش فلڈنگ کا الرٹ

گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران اٹک میں 75، سیالکوٹ میں 67، جوہرآباد میں 56، لاہور شہر میں 46 اور اسلام آباد کے مختلف علاقوں میں 37 ملی میٹر تک بارش ریکارڈ کی گئی، جبکہ ملک میں گزشتہ روز سب سے زیادہ درجہ حرارت تربت میں 49 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا۔

محکمہ موسمیات نے شہریوں کو ہدایت کی ہے کہ وہ غیر ضروری سفر سے گریز کریں، نشیبی علاقوں اور برساتی نالوں کے قریب احتیاط برتیں اور موسمی صورتحال سے متعلق سرکاری ہدایات پر عمل کریں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp