آپ نے اسی نظام میں 3 سال میں 30سالوں کا سفر کرلیا، رانا ثنا اللہ خان کی وزیر داخلہ محسن نقوی پر شدید تنقید

جمعہ 31 جولائی 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 وزیراعظم شہباز شریف کے مشیر برائے سیاسی امور سینیٹر رانا ثنا اللہ نے وزیر داخلہ محسن نقوی کے نظام سے متعلق بیان پر تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ انہیں تین سال بعد معلوم ہوا کہ نظام خراب ہے اور چلنے کے قابل نہیں۔

یہ بھی پڑھیں: جب تک سب ساتھ نہیں بیٹھیں گے، ملک ایسے ہی چلتا رہے گا، وفاقی وزیر داخلہ محسن نقوی

نجی ٹی وی سے گفتگو کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ محسن نقوی کہتے ہیں کہ موجودہ نظام ختم ہو چکا ہے اور اب آگے نہیں چل سکتا، حالانکہ وہ خود گزشتہ تین برس سے اقتدار کا حصہ رہے ہیں۔

انہوں نے کہا، ’تم نے تین سال میں تیس سال کا سفر کر لیا، کہاں سے چلے تھے اور کہاں پہنچ گئے ہو، اور اب تمہیں پتا چلا کہ یہ نظام بالکل خراب ہے، چل نہیں سکتا۔‘

رانا ثنا اللہ نے کہا کہ پاکستان کا پارلیمانی جمہوری نظام قائداعظم محمد علی جناح کی دی ہوئی میراث ہے اور عوام نے طویل سیاسی جدوجہد کے بعد یہ ملک حاصل کیا، اس لیے نظام کو ختم کرنے کے بجائے اسے بہتر بنانے کی ضرورت ہے۔

انہوں نے کہا کہ اگر انتظامی اصلاحات، سول سروس اصلاحات یا نئے صوبوں کے قیام پر بات کرنی ہے تو اس کے لیے پہلے تمام سیاسی قوتوں اور متعلقہ فریقین کے درمیان اتفاق رائے پیدا کرنا ہوگا۔

پیپلز پارٹی کے چیئرمین بلاول بھٹو زرداری پر تنقید کرتے ہوئے رانا ثنا اللہ نے کہا کہ اگر وہ موجودہ حکومت کو ’فارم 47 کی حکومت‘ قرار دیتے ہیں تو پھر یہ بھی بتائیں کہ صدر آصف علی زرداری کن ووٹوں سے منتخب ہوئے تھے۔

انہوں نے کہا، ’جن ووٹوں سے بلاول بھٹو کے والد صدر بنے، وہ درست ہیں، لیکن جن ووٹوں سے وزیراعظم منتخب ہوئے، انہیں آپ فارم 47 کا نتیجہ قرار دیتے ہیں۔‘

یہ بھی پڑھیں: نئے صوبے، محسن نقوی کا بیان، مولانا فضل الرحمان کے بیان پر سخت ردعمل، ڈی جی آئی ایس پی آر نے کیا کہا؟

انہوں نے کہا کہ ہمیں بات سے نہ ڈرایا جائے کہ کاکروچ اکٹھے ہوجائیں گے، لیپ ٹاپ دینے یا وضائف دینے سے یہ نہیں سنبھلیں گے، ہم نے سنبھالے ہوئے ہیں، پنجاب میں وزیراعلیٰ مریم نواز نے ایسے ایشیٹو لیے ہوئے ہیں کہ وہاں کے نوجوان اور طالب علم اپنی حکومت کے ساتھ جڑے ہوئے ہیں۔

ان کا کہنا تھا کہ یہ کاکروچ جانتے ہیں کہ مسلم لیگ ن ملک کی خدمت کررہی ہے اور خدمت کرنا جانتی ہے۔

انہوں نے کہا کہ بھارت اگر سمجھتا ہے کہ وہ پاکستان پر حملہ کرے گا، پاکستان کو دولخت یا فتح کرلے گا، یا آزاد کشمیر کو بھی مقبوضہ کشمیر بنالے گا تو یہ اس کی خام خیالی ہے، اس بار معرکہ حق میں ہماری مسلح افواج اور ہمارے فیلڈ مارشل سید عاصم منیر کی قیادت میں ہندوستان کو وہ سبق سکھایا ہے کہ وہ اب دوبارہ پاکستان کیخلاف لڑنے کے قابل ہی نہیں رہا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp