چیئرمین پاکستان پیپلز پارٹی بلاول بھٹو زرداری نے کہا ہے کہ پاک فوج پاکستان کی ریڈ لائن ہے، کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہر سپاہی اپنی جان خطرے میں ڈال کر وطن کا دفاع کر رہا ہے، اس لیے اسے سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بنایا جانا چاہیے۔
یہ بھی پڑھیں: افواج پاکستان ہماری ریڈلائن، تنقید برداشت نہیں کی جائےگی، بلاول بھٹو
سماجی رابطے کی ویب سائٹ ایکس پر جاری ویڈیو بیان میں بلاول بھٹو زرداری نے کہا کہ وہ پہلے بھی واضح کر چکے ہیں کہ پاکستان کی فوج ان کی ریڈ لائن ہے۔ انہوں نے کہا کہ کشمیر کی سرحد پر تعینات سپاہی اپنی جان ہتھیلی پر رکھ کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے اور پوری قوم اس کی قربانیوں کی مقروض ہے۔
انہوں نے کہا کہ ہمارے سپاہیوں کو سیاسی اختلافات یا بحث کا حصہ نہیں بنانا چاہیے کیونکہ وہ قوم کا فخر ہیں۔ انہوں نے شہید فوجیوں اور پولیس اہلکاروں کی قربانیوں کو خراجِ عقیدت پیش کرتے ہوئے کہا کہ ان کی قربانیاں کبھی فراموش نہیں کی جاسکتیں۔
یہ بھی پڑھیں: پاک فوج ہماری ریڈلائن، ایکشن کمیٹی کو مضبوط کرنے میں سیاسی جماعتیں شریک جرم ہیں، نبیلہ ایوب
بلاول بھٹو کا کہنا تھا کہ ہر قربانی کا احترام کیا جائے گا اور شہداء کے لواحقین کو انصاف فراہم کیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ جو لوگ اپنا آج قوم کے کل کے لیے قربان کر رہے ہیں، ان کی عزت اور تکریم ہم سب کی ذمہ داری ہے۔
کشمیر کی سرحد پر کھڑا ہمارا سپاہی صرف سرحد کی حفاظت نہیں کرتا بلکہ وہ اپنا گھر، ماں باپ اور اپنے بچے چھوڑ کر اپنی جان خطرے میں ڈال کر پاکستان کی حفاظت کرتا ہے۔
میں پہلے بھی کہہ چکا ہوں کہ پاکستان کی فوج ہماری ریڈلائن ہے۔
ہمارے سپاہی کسی سیاسی بحث کا نشانہ نہیں بننے چاہییں، وہ قوم… pic.twitter.com/SrCD4ZsvIQ— Bilawal Bhutto Zardari (@BBhuttoZardari) July 31, 2026
دوسری جانب بلاول بھٹو زرداری نے آزاد کشمیر انتخابات کے حوالے سے بھی اپنے مطالبات دہرائے۔ انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن 2 اگست سے قبل مبینہ دھاندلی سے متعلق تمام شکایات کی کھلی عدالت میں سماعت کرے اور پولنگ اسٹیشنوں کے نتائج سمیت انتخابی ریکارڈ عوام کے سامنے پیش کرے۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان ہماری ریڈ لائن ہے، پی ٹی آئی چھوڑ رہی ہوں: سابق ممبر صوبائی اسمبلی عائشہ اقبال
انہوں نے کہا کہ الیکشن کمیشن کی ذمہ داری کسی سیاسی جماعت کو کامیاب کرانا نہیں بلکہ آزاد کشمیر کے عوام کے ووٹ کا تحفظ کرنا ہے۔ ان کے بقول انہیں کسی کا احسان نہیں بلکہ اپنا آئینی اور جمہوری حق چاہیے۔
چیئرمین پیپلز پارٹی نے مزید کہا کہ آزاد کشمیر انتخابات کے دوسرے مرحلے کی ساکھ کا انحصار پہلے مرحلے میں شفاف تحقیقات اور انصاف کی فراہمی پر ہوگا، کیونکہ ان کی جماعت صرف صاف، شفاف اور غیر جانبدارانہ انتخابات چاہتی ہے۔












