سان ڈیاگو میں امریکی ایف-35 بی لڑاکا طیارہ گر کر تباہ

ہفتہ 1 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

امریکی فوج کا جدید ترین ایف-35 بی اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ ریاست کیلیفورنیا کے شہر سان ڈیاگو میں میرامار میرین کور ایئر بیس کے قریب گر کر تباہ ہوگیا، تاہم پائلٹ بروقت ایجیکٹ کرنے میں کامیاب رہا۔

امریکی حکام کے مطابق حادثہ جمعہ کی صبح پیش آیا۔ طیارہ امریکی میرین کور کے تھرڈ میرین ایئر ونگ اور میرین ایئر گروپ 11 کے زیرِ استعمال تھا۔ حادثے کے فوری بعد پائلٹ نے ہنگامی نظام کے ذریعے طیارے سے چھلانگ لگا دی، جس کے بعد اسے طبی معائنے کے لیے قریبی اسپتال منتقل کر دیا گیا۔

ابتدائی اطلاعات کے مطابق پائلٹ محفوظ ہے، تاہم احتیاطی طور پر اس کا طبی معائنہ کیا جا رہا ہے۔

ایف-35 بی پانچویں نسل کا جدید اسٹیلتھ لڑاکا طیارہ ہے، جس کی مالیت 10 کروڑ ڈالر سے زائد بتائی جاتی ہے۔ یہ طیارہ مختصر رن وے سے اڑان بھرنے اور عمودی انداز میں لینڈنگ کی صلاحیت رکھتا ہے اور امریکی فوج کے جدید ترین فضائی اثاثوں میں شمار ہوتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں:امریکی فضائیہ کا بی 52 بمبار طیارہ ٹیک آف کے فوراً بعد گر کر تباہ

فوجی حکام نے حادثے کی وجوہات جاننے کے لیے تحقیقات شروع کر دی ہیں، جبکہ جائے وقوعہ کو محفوظ بنا کر تکنیکی شواہد اکٹھے کیے جا رہے ہیں۔ ابھی تک حادثے کی وجہ یا کسی ممکنہ فنی خرابی کے بارے میں کوئی سرکاری تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp