مریم نواز کی ہدایات پر مون سون صورتحال کی 24 گھنٹے نگرانی، پی ڈی ایم اے کی فیکٹ شیٹ جاری

ہفتہ 1 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات کے پیشِ نظر پنجاب ڈیزاسٹر مینجمنٹ اتھارٹی (پی ڈی ایم اے) نے مون سون فلڈ کی صورتحال پر فیکٹ شیٹ جاری کردی، جس میں مون سون بارشوں کے باعث ہونے والے نقصانات، مختلف اضلاع میں بارشوں کی صورتحال، دریاؤں اور ڈیموں کی موجودہ کیفیت اور امدادی اقدامات کی تفصیلات شامل ہیں۔

گزشتہ 24 گھنٹوں میں مختلف اضلاع میں بارشیں

ترجمان پی ڈی ایم اے کے مطابق گزشتہ 24 گھنٹوں کے دوران پنجاب کے بیشتر اضلاع میں مون سون بارشیں ریکارڈ کی گئیں۔ راولپنڈی کچہری میں 95 ملی میٹر، مری میں 85 ملی میٹر، جوہرآباد میں 56 ملی میٹر، ملتان میں 37 ملی میٹر، بھکر میں 31 ملی میٹر جبکہ نارووال اور نورپور تھل میں 27، 27 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

اسی طرح خانیوال میں 21 ملی میٹر، چکوال میں 20 ملی میٹر، گوجرانوالہ میں 12 ملی میٹر، جھنگ میں 10 ملی میٹر اور سرگودھا میں 8 ملی میٹر بارش ریکارڈ کی گئی۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ بارشوں کا یہ سلسلہ 5 اگست تک جاری رہنے کا امکان ہے۔

نکاسی آب کے انتظامات

پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی قیادت میں ریکارڈ بارشوں کے باوجود کم سے کم وقت میں نکاسی آب کو یقینی بنایا گیا۔ فیکٹ شیٹ میں کہا گیا ہے کہ پیشگی انتظامات اور ضروری مشینری کی دستیابی کے باعث مختلف علاقوں میں بارش کے پانی کی فوری نکاسی ممکن بنائی گئی۔

دریاؤں اور ڈیموں کی صورتحال

ڈی جی پی ڈی ایم اے کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز کی ہدایات پر دریاؤں، ڈیموں اور بیراجوں کی مسلسل نگرانی جاری ہے۔

ترجمان پی ڈی ایم اے نے بتایا کہ دریائے سندھ میں کالا باغ اور چشمہ کے مقام پر نچلے درجے کی سیلابی صورتحال ہے۔

فیکٹ شیٹ کے مطابق تربیلا ڈیم میں پانی کی سطح 89 فیصد، منگلا ڈیم میں 57 فیصد، بھاکڑا ڈیم میں 33 فیصد، تھین ڈیم میں 35 فیصد جبکہ اقر پونگ ڈیم میں پانی کی سطح 32 فیصد ہے۔

مون سون حادثات میں جانی نقصان

پی ڈی ایم اے رپورٹ کے مطابق رواں سال مون سون بارشوں کے دوران مختلف حادثات کے باعث 46 شہری جاں بحق جبکہ 288 افراد زخمی ہوئے ہیں۔

ڈی جی سیف انور جپہ کے مطابق وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایت پر زخمیوں کو بہترین طبی امداد فراہم کی جا رہی ہے، جبکہ حکومت پنجاب کی پالیسی کے تحت متاثرہ خاندانوں کے نقصانات کا ازالہ بھی کیا جائےگا۔

شہریوں کے لیے احتیاطی ہدایات

پی ڈی ایم اے نے شہریوں سے اپیل کی ہے کہ وہ موسم برسات کے دوران احتیاطی تدابیر اختیار کریں اور خصوصی طور پر بچوں کا خیال رکھیں۔ ترجمان کے مطابق بچوں کو برساتی نالوں، نشیبی علاقوں، دریاؤں اور نہروں میں ہرگز نہانے نہ دیا جائے۔

پی ڈی ایم اے نے مزید بتایا کہ وزیراعلیٰ پنجاب کی ہدایات کے مطابق پی ڈی ایم اے کنٹرول روم میں مون سون کی صورتحال کی 24 گھنٹے، ہفتے کے ساتوں دن مسلسل مانیٹرنگ جاری ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp