آزاد جموں و کشمیر کے عام انتخابات 2026 کے دوسرے مرحلے کی پولنگ آج 2 اگست کو جاری ہے۔ الیکشن کمیشن کے شیڈول کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں اور مہاجرین جموں و وادی کشمیر کی 12 نشستوں پر ووٹرز اپنا حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
تجزیہ کاروں کے مطابق مظفرآباد ڈویژن میں مجموعی طور پر مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہے، تاہم کچھ نشستوں پر کانٹے دار مقابلوں کی توقع ہے، جبکہ مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں میں سے بھی زیادہ نشستیں مسلم لیگ ن کو ملنے کا امکان ظاہر کیا جارہا ہے۔
مزید پڑھیں: آزاد کشمیر انتخابات: عوام نے ووٹ کے ذریعے انتشار کی سیاست مسترد کر دی
الیکشن کمیشن کے مطابق مظفرآباد ڈویژن کے 9 اور مہاجرین مقیم پاکستان کے 12 حلقوں میں پولنگ صبح 8 بجے سے شام 5 بجے تک جاری رہے گی۔
مظفرآباد ڈویژن کی 9 نشستوں پر پولنگ
مظفر آباد ڈویژن 3 اضلاع مظفرآباد، نیلم اور ضلع جہلم ویلی پر مشتمل ہے۔ مظفر آباد ڈویژن کے 9 حلقوں میں رجسٹرڈ ووٹرز کی تعداد 8 لاکھ 90 ہزار 621 ہے۔ مظفرآباد ڈویژن میں مرد ووٹرز کی تعداد 4 لاکھ 27 ہزار 955 ہے۔
مظفر آباد ڈویژن کے تین اضلاع میں خواتین ووٹرز کی تعداد 3 لاکھ 81 ہزار 666 ہے۔ جہاں ایک ہزار 483 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع مظفرآباد کے 5 حلقوں میں 1205پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔ ضلع نیلم کے 2 حلقوں میں 278 پولنگ اسٹیشن قائم کیے گئے ہیں۔
ضلع جہلم ویلی کے 2 حلقوں میں 328 پولنگ اسٹیشن قائم ہیں۔ مظفر آباد ڈویژن کے تینوں اضلاع کے 9 حلقوں پر 208 امیدوار میدان میں ہیں۔
مہاجرین جموں کی 6 نشستوں پر بھی ووٹنگ جاری
آزاد کشمیر قانون ساز اسمبلی کی مہاجرین جموں کی 6 نشستوں پر بھی آج پولنگ جاری ہے۔ یہ نشستیں ایل اے 34 تا ایل اے 39 پر مشتمل ہیں۔
مہاجرین جموں کی ان نشستوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 5 ہزار 105 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں، جن میں 2 لاکھ 30 ہزار 175 مرد اور ایک لاکھ 74 ہزار 930 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ان نشستوں کے لیے 870 پولنگ اسٹیشن اور ایک ہزار 504 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
مہاجرین وادی کشمیر کی 6 نشستوں پر پولنگ
مہاجرین وادی کشمیر کی ایل اے 40 تا ایل اے 45 پر مشتمل 6 نشستوں پر بھی آج ووٹنگ جاری ہے۔
ان نشستوں میں 33 ہزار 577 رجسٹرڈ ووٹرز موجود ہیں، جن میں 17 ہزار 701 مرد اور 15 ہزار 876 خواتین ووٹرز شامل ہیں۔
ان نشستوں کے لیے 185 پولنگ اسٹیشن اور 325 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
12 مہاجر نشستوں پر مجموعی ووٹرز کی تعداد
مہاجرین جموں اور وادی کشمیر پر مشتمل 12 نشستوں میں مجموعی طور پر 4 لاکھ 38 ہزار 682 رجسٹرڈ ووٹرز حق رائے دہی استعمال کررہے ہیں۔
ان میں 2 لاکھ 47 ہزار 876 مرد جبکہ 1 لاکھ 90 ہزار 806 خواتین ووٹرز رجسٹرڈ ہیں۔
مہاجرین کی 12 نشستوں کے لیے مجموعی طور پر ایک ہزار 57 پولنگ اسٹیشن اور ایک ہزار 829 پولنگ بوتھ قائم کیے گئے ہیں۔
تمام انتظامات مکمل، سخت سیکیورٹی انتظامات
الیکشن کمیشن نے دوسرے مرحلے کی پولنگ کے لیے تمام انتظامات مکمل کر رکھے ہیں، جبکہ متعلقہ اضلاع اور مہاجر نشستوں پر انتخابی عمل کے پرامن اور شفاف انعقاد کے لیے انتظامات کیے گئے ہیں۔
الیکشن کمیشن کی جانب سے سیکیورٹی کے بھی انتہائی سخت انتظامات کیے گئے ہیں، حساس اور انتہائی حساس پولنگ اسٹیشنز پر پولیس اور قنانون نافذ کرنے والے اداروں کی اضافی نفری تعینات کی گئی ہے۔
کون کس کے مدمقابل ہے؟
مظفرآباد ڈویژن کا سب سے بڑا مقابلہ جہلم ویلی کے حلقہ چکار میں مسلم لیگ ن کے امیدوار سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر اور پیپلز پارٹی کے صاحبزادہ اشفاق ظفر کے درمیان ہے۔
ایل اے 32 جہلم ویلی چکار سے 2021 کا الیکشن سابق وزیراعظم راجا فاروق حیدر نے ن لیگ کے ٹکٹ پر 15 ہزار 598 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر صاحبزادہ اشفاق ظفر 15 ہزار 204 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
حالیہ عام انتخابات میں بھی اس حلقے میں بھی مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان کانٹے دار مقابلے کی توقع ہے۔
ایل اے 25 آزاد کشمیر کی خوبصورت وادی نیلم کا حلقہ ہے۔ یہاں سے 2021 کے الیکشن میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر شاہ غلام قادر نے 14 ہزار 341 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی، جبکہ پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر میاں وحید 12 ہزار 400 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔
آج ہونے والے عام انتخابات میں بھی یہاں سے مسلم لیگ ن اور پیپلز پارٹی کے درمیان مقابلہ ہے، جبکہ سردار تنویر الیاس بھی آئی پی پی کے ٹکٹ پر یہاں سے امیدوار ہیں، جس کے باعث یہ مقابلہ مزید دلچسپ ہوگیا ہے۔
ایل اے 26 بھی وادی نیلم کا حلقہ ہے، یہاں سے گزشتہ الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں عبدالوحید نے 18 ہزار 870 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ جبکہ پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر راجا الیاس 13 ہزار 294 ووٹ لے کر دوسرے اور مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر راجا بشیر خان 3210 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے، اس بار شاہ غلام قادر اس حلقے سے بھی الیکشن میں حصہ لے رہے ہیں اور ان کا پیپلز پارٹی کے امیدوار میاں وحید سے سخت مقابلہ متوقع ہے۔
ریاستی دارالحکومت مظفرآباد کے حلقہ ایک ایل اے 27 سے 2021 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر سردار جاوید ایوب نے 26 ہزار 441 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ اب کی بار اس حلقے میں پیپلز پارٹی کے امیدوار جاوید ایوب اور مسلم لیگ ن کی امیدوار نورین عارف کے درمیان مقابلہ ہے۔ جبکہ آئی پی پی کے امیدوار سردار تبارک اپ سیٹ بھی کر سکتے ہیں۔
مظفرآباد کا حلقہ 2 ایل اے 28 بھی اہمیت کا حامل ہے۔ یہاں سے 2021 کے الیکشن میں پیپلز پارٹی کے امیدوار بازل نقوی نے 26011 ووٹ لے کر کامیابی حاصل کی۔ اس مرتبہ ان کا مقابلہ ن لیگ کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری شہزاد سے ہے۔ چوہدری شہزاد 2016 کا الیکشن ن لیگ کے پلیٹ فارم سے جیت چکے ہیں۔
مظفرآباد کے حلقہ 3 سٹی ایل اے 26 میں 2021 کا الیکشن پی ٹی آئی کے ٹکٹ ہولڈر خواجہ فاروق احمد نے 13 ہزار 337 ووٹ لے کر جیتا، جبکہ مسلم لیگ ن کے امیدوار افتخار گیلانی 10 ہزار 557 ووٹ لے کر دوسرے نمبر پر رہے۔ آزاد امیدوار سردار مختار خان 10 ہزار 323 ووٹ لے کر تیسرے نمبر پر رہے۔ اس مرتبہ ن لیگی ٹکٹ ہولڈر افتخار گیلانی کا مقابلہ سردار مختار سے ہے جو پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر ہیں۔
مظفرآباد کے حلقہ 4 ایل اے 30 میں مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر مصطفیٰ بشیر عباسی کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار مبشر منیر اعوان سے ہے۔
مظفرآباد کا حلقہ پانچ ایل اے 31 کھاوڑہ نہایت اہمیت کا حامل حلقہ ہے، جہاں سے 2021 کا الیکشن پاکستان پیپلز پارٹی کے ٹکٹ ہولڈر چوہدری لطیف اکبر نے جیتا۔
یہاں سے دوسرے نمبر پر آنے والے امیدوار ثاقب مجید راجا کا تعلق مسلم کانفرنس سے تھا جنہوں نے 21 ہزار 481 ووٹ حاصل کیے۔
ثاقب مجید راجا اب مسلم لیگ ن کے ٹکٹ ہولڈر ہیں، اور دونوں امیدواروں کے درمیان ون ٹو ون مقابلے کی توقع کی جارہی ہے۔
مزید پڑھیں: کشمیری مہاجرین کی 12 اسمبلی نشستیں: تاریخ، آئینی حیثیت اور موجودہ تنازع
حلقہ ایل اے 33 لیپہ میں مسلم لیگ ن کے امیدوار چوہدری رشید کا مقابلہ پیپلز پارٹی کے امیدوار دیوان چغتائی سے ہے، تاہم ن لیگی ٹکٹ ہولڈر کی پوزیشن مستحکم دکھائی دے رہی ہے۔
دوسری جانب مہاجرین مقیم پاکستان کی 12 نشستوں پر مسلم لیگ ن کو برتری حاصل ہے، اور زیادہ نشستیں مسلم لیگ ن کو ہی ملنے کا امکان ہے۔












