جموں کشمیر جوائنٹ پبلک ایکشن کمیٹی (JAAC) کے کور ممبر عمر نذیر کشمیری نے دعویٰ کیا ہے کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی کی حالیہ تحریک عوامی مطالبات کے لیے نہیں بلکہ پاکستان میں انتشار پھیلانے کی ایک منظم کوشش تھی۔ ان کا کہنا تھا کہ اس تحریک کے پیچھے بھارت کا تیار کردہ منصوبہ کارفرما تھا۔
عمر نذیر کشمیری نے الزام عائد کیا کہ جوائنٹ عوامی ایکشن کمیٹی نے سستی بجلی اور عوامی حقوق کے مطالبات کو محض ایک پردے کے طور پر استعمال کیا، جبکہ اس تحریک کا اصل مقصد پاکستان میں عدم استحکام اور انتشار پیدا کرنا تھا۔
یہ بھی پڑھیں:ایکشن کمیٹی نے الیکشن فارم سے ریاست پاکستان سے وفاداری کی شق نکالنے کا مطالبہ کیا، وزیر امور کشمیر امیر مقام
انہوں نے دعویٰ کیا کہ عوامی مطالبات اور حقوق کا نعرہ قوم کو گمراہ کرنے کے لیے استعمال کیا گیا، جبکہ پس پردہ ایک مختلف ایجنڈا کارفرما تھا، جس کا مقصد پاکستان کی سلامتی کو نقصان پہنچانا تھا۔
عمر نذیر کے مطابق بھارتی وزیر دفاع راج ناتھ سنگھ کے کشمیر سے متعلق بیان کے تقریباً 2 ماہ بعد ایکشن کمیٹی کی سرگرمیوں میں اضافہ محض اتفاق نہیں بلکہ ایک سوچا سمجھا منصوبہ تھا۔ انہوں نے الزام لگایا کہ تحریک کے مختلف مراحل ایک ایسے اسکرپٹ کے مطابق چلائے گئے جو بھارت میں تیار کیا گیا تھا۔
انہوں نے مزید کہا کہ سستی بجلی اور دیگر عوامی مطالبات کی آڑ میں ملک میں انارکی اور عدم استحکام پیدا کرنے کی کوشش کی گئی۔ ان کا کہنا تھا کہ متعلقہ اداروں کو ایسے معاملات کا باریک بینی سے جائزہ لے کر حقائق عوام کے سامنے لانے چاہییں۔














