امریکا میں اعلیٰ تعلیم حاصل کرنے والے پاکستانی طلبا کی رہنمائی کے لیے ایجوکیشن یو ایس اے پاکستان (EducationUSA Pakistan) نے اسلام آباد، لاہور اور کراچی میں پری ڈیپارچر اورینٹیشنز کا انعقاد کیا، جن میں 130 سے زائد طلبا نے شرکت کی۔ یہ طلبا امریکا کی مختلف جامعات میں بیچلرز، ماسٹرز اور پی ایچ ڈی پروگراموں میں داخلہ حاصل کر چکے ہیں۔
مزید پڑھیں:کروشیا کا پاکستان میں ویزا سینٹر، پاکستانی طلبا اور ہنرمند افراد کے لیے یورپ میں کیا مواقع ہیں؟

تقریب سے خطاب کرتے ہوئے امریکی سفارتخانے کے قائم مقام منسٹر کونسلر برائے پبلک ڈپلومیسی ڈیو موئیر نے کہا کہ ہر سال پاکستان بھر سے باصلاحیت طلبا اعلیٰ معیار، جدت اور بہترین مواقع کی وجہ سے امریکا کا انتخاب کرتے ہیں۔ انہوں نے طلبا پر زور دیا کہ وہ اپنی تعلیمی سرگرمیوں میں بھرپور حصہ لیں، اساتذہ اور دیگر طلبا کے ساتھ مل کر کام کریں اور اپنی صلاحیتوں کو بروئے کار لائیں۔
یونائیٹڈ اسٹیٹس ایجوکیشنل فاؤنڈیشن اِن پاکستان (USEFP) کے ایگزیکٹو ڈائریکٹر ڈاکٹر پیٹر موران نے کہا کہ امریکی جامعات پہنچنے کے بعد طلبا اپنے ہم جماعتوں سے مضبوط تعلقات قائم کریں اور رہنمائی کے لیے اساتذہ اور سینئر طلبا سے رابطے میں رہیں، تاکہ وہ نہ صرف تعلیمی بلکہ ذاتی اور پیشہ ورانہ زندگی میں بھی کامیاب ہو سکیں۔

تقریبات کے دوران طلبا کو امریکی تعلیمی نظام، رہائش، مالی امور، ثقافتی ہم آہنگی اور کیمپس میں دستیاب سہولیات کے بارے میں تفصیلی آگاہی دی گئی، جبکہ سابق طلبا نے بھی اپنے تجربات اور مشورے شرکا کے ساتھ شیئر کیے۔
مزید پڑھیں:اٹلی کا مکمل فنڈڈ اسکالرشپس کا اعلان، پاکستانی طلبا کیسے فائدہ اٹھا سکتے ہیں؟
ایجوکیشن یو ایس اے پاکستان کے ڈائریکٹر عفان جاوید نے کہا کہ ادارہ طلبا کو امریکا میں نئی تعلیمی اور ثقافتی زندگی کے لیے تیار کرنے پر فخر محسوس کرتا ہے اور امید ہے کہ یہ رہنمائی انہیں اعتماد کے ساتھ اپنے تعلیمی سفر کا آغاز کرنے میں مدد دے گی۔

انسٹی ٹیوٹ آف انٹرنیشنل ایجوکیشن کے مطابق تعلیمی سال 25-2024 کے دوران 13 ہزار سے زائد پاکستانی طلبا نے امریکی جامعات میں داخلہ لیا، جو اب تک کی بلند ترین تعداد ہے۔ یہ طلبا ریاضی، کمپیوٹر سائنس، انجینئرنگ، بزنس اینڈ مینجمنٹ، اپلائیڈ آرٹس اور سماجی علوم سمیت مختلف شعبوں میں تعلیم حاصل کر رہے ہیں۔














