چینی اے آئی کمپنی ڈیپ سیک نے اپنا نیا فلیگ شپ ماڈل وی 4 فلیش متعارف کرا دیا ہے، جسے ایک تحقیقی ادارے نے دنیا کے معروف اے آئی ماڈلز میں چلانے کے لحاظ سے سب سے کم لاگت والا قرار دیا ہے۔
تحقیق کے مطابق یہ ماڈل اینتھروپک کے کلاؤڈ فیبل 5 کے مقابلے میں 100 گنا سے بھی زیادہ سستا ہے۔
اطلاعات کے مطابق ممکنہ آئی پی او کی تیاری کرنے والی ڈیپ سیک نے یہ ماڈل کم قیمت اے آئی سروسز فراہم کرنے کی اپنی حکمت عملی کے تحت پیش کیا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: ڈیپ سیک نے نیا وی فور فلیش اے پی آئی متعارف کرا دیا، کم وسائل میں زیادہ طاقتور اے آئی ماڈل کا دعویٰ
کمپنی کا آر ون ماڈل 2025 میں عالمی سطح پر غیر معمولی مقبول ہوا تھا، جس کے بعد مصنوعی ذہانت کے شعبے میں امریکی کمپنیوں کے بھاری اخراجات پر بھی سوالات اٹھے تھے۔
تحقیقی ادارے آرٹیفیشل انالیسس کے مطابق وی 4 فلیش ہر 10 لاکھ اِن پٹ ٹوکنز کے لیے 14 سینٹ اور آؤٹ پٹ ٹوکنز کے لیے 28 سینٹ وصول کرتا ہے۔
DeepSeek's new AI model is by far the cheapest of well-known models to run, research firm says https://t.co/byjmMYh56t https://t.co/byjmMYh56t
— Reuters (@Reuters) August 3, 2026
مختلف معیاری ٹیسٹوں میں اس ماڈل کی اوسط لاگت صرف 3 سینٹ فی ٹیسٹ رہی، جبکہ مون شوٹ اے آئی کے کمی کے 3 کی لاگت 86 سینٹ، اوپن اے آئی کے جی پی ٹی 5.6 کی 1.86 ڈالر اور اینتھروپک کے کلاؤڈ فیبل 5 کی 3.15 ڈالر فی ٹیسٹ ریکارڈ کی گئی۔
ماہرین کے مطابق صرف قیمت ہی کسی اے آئی ماڈل کی افادیت کا معیار نہیں ہوتی، بلکہ یہ بھی اہم ہے کہ وہ ایک کام مکمل کرنے کے لیے کتنا ڈیٹا استعمال کرتا ہے۔
مزید پڑھیں: چینی کمپنی ڈیپ سیک کی اپنی اے آئی چِپ بنانے کی تیاری، امریکی کمپنیوں میں ہلچل
اسی بنیاد پر وی 4 فلیش کو بہترین کم لاگت ماڈلز میں شمار کیا گیا ہے۔
آرٹیفیشل انالیسس کے انٹیلجنس انڈیکس میں، جو کوڈنگ، منطقی استدلال اور دفتری نوعیت کے کاموں سمیت نو معیارات پر مشتمل ہے، وی 4 فلیش نے 100 میں سے 50 پوائنٹس حاصل کیے۔
یہ اسکور گوگل کے جیمنی 3.6 فلیش کے برابر ہے، تاہم مون شوٹ اے آئی کے کمی کے 3 نے 57 پوائنٹس حاصل کیے، جبکہ اوپن اے آئی اور اینتھروپک کے جدید ماڈلز نے اس سے بہتر کارکردگی دکھائی۔
دریں اثنا، ڈیپ سیک نے تصدیق کی ہے کہ وہ اپنے مزید طاقتور ماڈل وی 4 پرو پر بھی کام کر رہی ہے، تاہم اس کی ریلیز کی تاریخ کا اعلان نہیں کیا گیا۔
دوسری جانب علی بابا نے بھی پیر کو اپنا نیا اور اب تک کا سب سے طاقتور اے آئی ماڈل کوین 3.8 میکس پیش کر دیا، جس سے چین میں مصنوعی ذہانت کی مسابقت مزید تیز ہونے کی توقع ہے۔












