ٹام ہالینڈ کی نئی اسپائیڈر مین فلم نے باکس آفس پر دھوم مچا دی

پیر 3 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مارول کے مقبول سپر ہیرو اسپائیڈر مین کی نئی فلم ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ نے اپنی ریلیز کے پہلے ہی ہفتے باکس آفس پر غیرمعمولی کامیابی حاصل کرتے ہوئے دنیا بھر میں 927 ملین ڈالر کا بزنس کر لیا ہے۔

جس کے بعد یہ ملکی اور عالمی سطح پر تاریخ کی دوسری سب سے بڑی افتتاحی فلم بن گئی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: کیا ٹام ہالینڈ ہمیشہ کے لیے اسپائیڈر مین کو الوداع کہنے والے ہیں؟

فلم نے امریکا اور کینیڈا میں ابتدائی ہفتے کے دوران 355 ملین ڈالر جبکہ بین الاقوامی مارکیٹ سے 572 ملین ڈالر کمائے۔

عالمی مارکیٹ میں چین سب سے آگے رہا، جہاں فلم نے پہلے ہی ہفتے میں 121 ملین ڈالر کا بزنس کیا۔

یہ فلم اداکار ٹام ہالینڈ کی بطور اسپائیڈر مین چوتھی فلم ہے، کہانی میں پیٹر پارکر ایک ایسی دنیا میں جرائم کا مقابلہ کرتا دکھائی دیتا ہے جہاں لوگ یہ بھول چکے ہیں کہ وہی اسپائیڈر مین ہے۔

فلم میں زینڈایا نے ایک بار پھر ایم جے کا کردار ادا کیا ہے، جو پیٹر پارکر کی محبوبہ ہے۔

سونی پکچرز انٹرٹینمنٹ کے موشن پکچر گروپ کے چیئرمین اور چیف ایگزیکٹو ٹام روتھ مین کے مطابق فلم بنیادی طور پر دوستی، انسانی تعلق اور ایک دوسرے سے جڑے رہنے کی اہمیت پر مبنی ہے، یہی وجہ ہے کہ دنیا بھر کے ہر عمر کے ناظرین اس سے خود کو جوڑ رہے ہیں۔

مزید پڑھیں: اسپائیڈر مین میں آواز کا جادو جگانے والے وائس آرٹسٹ الیکزس اورٹیگا انتقال کرگئے

باکس آفس کے اعداد و شمار کے مطابق یہ فلم کورونا وبا کے بعد شمالی امریکا میں سب سے بڑی افتتاحی کمائی کرنے والی فلم بن گئی ہے، جبکہ مجموعی طور پر صرف ’ایونجرز: اینڈ گیم‘ اس سے آگے ہے، جس نے 2019 میں ریلیز کے پہلے ہفتے میں عالمی سطح پر تقریباً 1.6 ارب ڈالر کی کمائی کی تھی۔

فلم کو ناقدین اور شائقین دونوں کی جانب سے زبردست پذیرائی ملی ہے۔ فلمی جائزوں کی ویب سائٹ روٹن ٹومیٹو پر اسے ناقدین کی جانب سے 90 فیصد جبکہ ناظرین کی جانب سے 98 فیصد پسندیدگی حاصل ہوئی ہے، جو اس کی مقبولیت کا واضح ثبوت ہے۔

تفریحی صنعت کے ماہرین کا کہنا ہے کہ اگرچہ حالیہ برسوں میں سپر ہیرو فلموں کی مقبولیت میں کچھ کمی دیکھی گئی، تاہم اسپائیڈر مین کا کردار آج بھی دنیا کے پسندیدہ ترین مارول کرداروں میں شامل ہے۔

ماہر پال ڈرگارابیڈین کے مطابق اسپائیڈر مین فلموں کی مجموعی عالمی کمائی اب 10 ارب ڈالر کے سنگِ میل کے قریب پہنچ چکی ہے، جو اس کردار کی مستقل مقبولیت کی عکاسی کرتی ہے۔

تفریحی تحقیقی ادارے کے سربراہ گریگ ڈرکن کے مطابق فلم میں تنہائی، ذہنی دباؤ، دوستی اور مشکلات پر قابو پانے جیسے موضوعات کو مؤثر انداز میں پیش کیا گیا ہے، جس نے خاص طور پر نوجوان نسل، خصوصاً جنریشن زیڈ کے ناظرین کو متاثر کیا ہے۔

مزید پڑھیں: کیا ’اسپائیڈر مین: برانڈ نیو ڈے‘ مارول کی سب سے جذباتی اور یادگار فلم بننے جا رہی ہے؟

اس کامیابی نے موسمِ گرما کے سنیما بزنس کو مزید تقویت دی ہے، ٹوائے استوری 5 اور دی اوڈیسی جیسی بڑی فلموں کی کامیابی کے ساتھ نئی اسپائیڈر مین فلم نے امریکی سنیما گھروں میں تاریخ کا سب سے بڑا مشترکہ افتتاحی ویک اینڈ رقم کیا ہے۔

تاہم مجموعی طور پر امریکی باکس آفس کی آمدنی اب بھی کورونا سے پہلے کے 2019 کے مقابلے میں تقریباً 16 فیصد کم ہے، اگرچہ رواں سال کی کمائی گزشتہ سال کے مقابلے میں 10 فیصد زیادہ ریکارڈ کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

طالبان ترجمان ذبیع اللہ کا ’داعش‘ کے مکمل خاتمے کا دعویٰ جھوٹا اور بے بنیاد نکلا، 2 ہزار دہشتگردوں کی موجودگی برقرار

ایرانی شہری کو غیر قانونی پاکستانی شناختی کارڈ جاری کرنے کا الزام، نادرا کے سابق اسسٹنٹ ڈائریکٹر گرفتار

حکومت کا بڑا معاشی اقدام، ایس ایم ایز کے لیے 300 ارب روپے کی خصوصی فنانسنگ کا اعلان

’این سی سی آئی اے‘ کال سینٹرز کے خلاف کریک ڈاؤن کیوں کررہی ہے؟

ایک لاکھ کے ڈیپ فریزر پر 35 لاکھ روپے ہرجانے کا مطالبہ، کراچی میں دلچسپ مقدمہ سامنے آگیا

ویڈیو

سُرتال اکیڈمی کے بچوں کی بھارت سمیت دنیا بھر میں دھوم

اسموگ کے خاتمے کے لیے لاہور میں اینٹی اسموگ گنز کا دائرہ وسیع، لاک ڈاؤن کا کوئی منصوبہ نہیں

ترقی کے سفر میں لیہ کب شامل ہوگا؟ شہری بڑے ترقیاتی منصوبوں کے منتظر

کالم / تجزیہ

امریکی الیکشن جو ریفرنڈم بن گیا

تحریک انصاف، جے یو آئی اور جماعت اسلامی: ایک سماجی مطالعہ

نئے صوبے کس کی اجارہ داری توڑیں گے؟