یونان میں ایک ایسا پل سامنے آیا ہے جسے تقریباً 2 سال قبل سرکاری طور پر منہدم اور آمدورفت کے لیے بند قرار دے دیا گیا تھا لیکن حیرت انگیز طور پر مقامی لوگ آج بھی اپنی گاڑیاں اسی خطرناک پل سے گزار رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: امریکا، یونان اور فرانس میں جنگلاتی آگ بے قابو، ہزاروں افراد محفوظ مقامات پر منتقل
رپورٹس کے مطابق ستمبر 2023 میں آنے والے شدید طوفان ڈینیئل نے یونان، بلغاریہ اور ترکی میں بڑے پیمانے پر تباہی مچائی تھی جس میں ہزاروں افراد جان کی بازی ہار گئے جبکہ اربوں ڈالر مالیت کا انفراسٹرکچر بھی متاثر ہوا۔
یونان کے علاقے تھیسالی میں سیلاب کے باعث 79 پل ناقابلِ استعمال ہوگئے تھے جن میں پلائیوپیرگوس پل بھی شامل تھا۔
یہ پل ساحلی علاقوں ٹیمپی اور آگیا کی بلدیات کو آپس میں ملاتا ہے اور مقامی آبادی کے لیے ایک اہم راستہ سمجھا جاتا ہے تاہم سیلاب کے بعد اس کا درمیانی حصہ بیٹھ گیا اور اب یہ دریا کے پانی سے محض چند انچ بلند رہ گیا ہے جس کے باعث اسے انتہائی خطرناک قرار دیا جاتا ہے۔
مزید پڑھیے: یونان میں دنیا کے قدیم ترین لکڑی کے اوزار دریافت، لاکھوں سال محفوظ رہنے پر سائنسدان حیران
حکام نے سنہ 2023 میں ہی اس پل کو آمدورفت کے لیے بند قرار دے دیا تھا لیکن حیران کن طور پر اسے مکمل طور پر بند کرنے کے لیے کوئی مضبوط رکاوٹ یا حفاظتی بندوبست نہیں کیا گیا۔ صرف انتباہی بورڈ نصب کیے گئے ہیں جنہیں نظر انداز کرتے ہوئے بعض ڈرائیور آج بھی اپنی گاڑیاں پل سے گزارنے کا خطرہ مول لیتے ہیں۔
مقامی اخبار کی جانب سے جاری کی گئی ڈرون ویڈیو میں ایک پک اپ گاڑی کو انتہائی احتیاط سے پل کے جھکے ہوئے حصے سے گزرتے دیکھا جا سکتا ہے۔ مقامی افراد کا کہنا ہے کہ بہت سے ڈرائیور طویل متبادل راستہ اختیار کرنے کے بجائے اسی خطرناک پل سے گزرنے کو ترجیح دیتے ہیں تاکہ وقت اور ایندھن کی بچت ہو سکے۔
رپورٹس کے مطابق بعض اوقات سیاح بھی نیویگیشن ایپس یا راستہ بتانے والوں کی وجہ سے اس پل تک پہنچ جاتے ہیں جہاں انتباہی بورڈ دیکھ کر انہیں واپس لوٹنا پڑتا ہے جبکہ کچھ لوگ اپنی جان خطرے میں ڈال کر پل عبور کرنے کی کوشش بھی کرتے ہیں۔
مزید پڑھیں: یونانی شہزادی اولمپیا کی اپنے بھتیجے کی بپتسمہ تقریب میں شرکت، سفید جوڑے میں تصاویر وائرل
ماہرین کا کہنا ہے کہ ایسے منہدم یا شدید متاثرہ پلوں کا استعمال کسی بھی وقت بڑے حادثے کا سبب بن سکتا ہے اس لیے شہریوں کو صرف محفوظ اور متبادل راستے ہی اختیار کرنے چاہییں۔














