پاکستان آرمی نے پاکستان اسپورٹس بورڈ کوچنگ سینٹر کراچی میں کھیلے گئے قومی بین الادارہ جاتی نیٹ بال چیمپیئن شپ 2026 کے فائنل میں پاکستان نیوی کو 17 کے مقابلے میں 22 گول سے شکست دے کر ٹائٹل اپنے نام کر لیا۔
یہ چیمپیئن شپ پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے عالمی نیٹ بال کی سرپرستی میں پاکستان اسپورٹس بورڈ کے تعاون سے منعقد کرائی، جس میں مختلف ادارہ جاتی ٹیموں نے شرکت کی۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین گرلز یوتھ نیٹ بال چیمپیئن شپ میں پاکستانی فتح ، وزیراعظم کی مبارکباد کے پیغام پر ایکس کا نوٹس
فائنل میں پاکستان آرمی نے شاندار کھیل کا مظاہرہ کرتے ہوئے پاکستان نیوی کو 17-22 سے ہرایا، جبکہ تیسری پوزیشن کے لیے ہونے والے مقابلے میں پاکستان پولیس نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن ایلیٹ اکیڈمی کو 16 کے مقابلے میں 22 گول سے شکست دے کر کانسی کا تمغہ حاصل کیا۔
چیمپیئن شپ کے اختتامی نتائج کے مطابق پاکستان آرمی چیمپیئن، پاکستان نیوی رنر اپ جبکہ پاکستان پولیس نے تیسری پوزیشن حاصل کی۔
اختتامی تقریب کے مہمانِ خصوصی سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے چیئرمین اور ڈپٹی انسپکٹر جنرل ٹریفک پولیس کراچی سید پیر محمد شاہ تھے، جنہوں نے فاتح، رنر اپ اور نمایاں کارکردگی دکھانے والی ٹیموں اور کھلاڑیوں میں ٹرافیاں، تمغے اور اسناد تقسیم کیں۔
یہ بھی پڑھیں: ایشین یوتھ اسکریبل چیمپیئن پاکستان اس مرتبہ ٹائٹل کا دفاع کرنے سے قاصر کیوں؟
تقریب سے خطاب کرتے ہوئے سید پیر محمد شاہ نے پاکستان آرمی، پاکستان نیوی، پاکستان پولیس اور دیگر شریک ٹیموں کو شاندار کارکردگی پر مبارک باد دی۔ انہوں نے پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کی کامیاب میزبانی کو سراہتے ہوئے کھیلوں کے فروغ اور نوجوان کھلاڑیوں کی سرپرستی کے عزم کا اعادہ کیا۔
اس موقع پر سندھ اولمپک ایسوسی ایشن کے سیکریٹری جنرل احمد علی راجپوت، پاکستان نیٹ بال فیڈریشن کے سیکریٹری محمد ریاض، سندھ پولیس اسپورٹس بورڈ کے ڈپٹی سیکریٹری سعید احمد آرائیں سمیت دیگر شخصیات بھی موجود تھیں۔
پاکستان نیٹ بال فیڈریشن نے تقریب کے اختتام پر مہمانِ خصوصی، شریک ٹیموں، تکنیکی حکام، ریفریز، رضاکاروں اور پاکستان اسپورٹس بورڈ کا تعاون پر شکریہ ادا کیا۔ فیڈریشن نے اعلان کیا کہ 25ویں قومی نیٹ بال چیمپیئن شپ دسمبر 2026 میں اسلام آباد میں منعقد ہوگی۔














