امریکا، جاپان، جنوبی کوریا اتحاد ایشیا پیسیفک کے نئے سیکیورٹی بحران کا ذمہ دار : شمالی کوریا

منگل 4 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

 شمالی کوریا نے امریکا، جاپان اور جنوبی کوریا پر ایشیا پیسیفک خطے میں ’نیا سیکیورٹی بحران‘ پیدا کرنے کا الزام عائد کرتے ہوئے خبردار کیا ہے کہ ان کا بڑھتا ہوا عسکری تعاون علاقائی امن و استحکام کو شدید خطرات سے دوچار کر رہا ہے۔

شمالی کوریا کے سرکاری خبر رساں ادارے (کے سی این اے) کی جانب سے جاری کردہ ایک تبصرے میں عسکری تجزیہ کار نے کہا کہ تینوں ممالک بڑے پیمانے کی مشترکہ عسکری مشقوں کے ذریعے اپنی جنگی صلاحیتوں میں اضافہ کر رہے ہیں۔ ان مشقوں میں امریکی قیادت میں ہونے والی دنیا کی سب سے بڑی بین الاقوامی بحری جنگی مشقیں ’رم آف دی پیسیفک‘ (RIMPAC) بھی شامل ہیں۔

تبصرے میں دعویٰ کیا گیا کہ امسال رم پیک (RIMPAC) مشقوں میں 30 ہزار سے زائد اہلکاروں، 30 سے زیادہ جنگی جہازوں، 5 آبدوزوں اور تقریباً 190 طیاروں نے حصہ لیا۔ شمالی کوریا نے ان مشقوں کو ’جارحیت کی پیشگی مشق‘ قرار دیتے ہوئے واشنگٹن پر الزام لگایا کہ وہ ٹوکیو اور سیول کی مدد سے خطے میں عسکری برتری حاصل کرنا چاہتا ہے۔

پیانگ یانگ نے حالیہ پاک فضائی و لوجسٹک مشقوں، جاپان میں امریکی کمانڈ سٹرکچر کو مضبوط بنانے کے منصوبوں اور خطے میں جدید امریکی میزائل سسٹمز کی تنصیب پر بھی شدید تنقید کی۔ شمالی کوریا نے متنبہ کیا کہ وہ ’نئی سطح کے خطرے کا جواب نئی سطح کی دفاعی صلاحیت (ڈیٹرنس)‘ کے ساتھ دے گا۔

ایک علیحدہ بیان میں، شمالی کوریا کے وزارتِ خارجہ نے امریکا اور اس کے اتحادیوں کی جانب سے پیانگ یانگ پر عائد کیے جانے والے سائبر خطرات کے الزامات کو ’بے بنیاد‘ اور سیاسی مقاصد پر مبنی قرار دے کر مسترد کر دیا۔

وزارتِ خارجہ کے ترجمان نے الٹا امریکا پر الزام عائد کیا کہ وہ سائبر کمانڈز، مشترکہ مشقوں اور آرٹیفیشل انٹیلی جنس (AI) کے اقدامات کے ذریعے سائبر سپیس کی عسکریت سازی کر رہا ہے۔ ترجمان نے واضح کیا کہ ڈیجیٹل دنیا میں کشیدگی بڑھانے کا ذمہ دار شمالی کوریا نہیں بلکہ خود امریکا ہے۔

شمالی کوریا نے عزم ظاہر کیا کہ وہ مغربی دباؤ کے خلاف اپنی قومی سلامتی اور ترقیاتی مفادات کا ہر قیمت پر تحفظ جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp