یومِ استحصالِ کشمیر: شیری رحمان کی آرٹیکل 370 اور 35A کی منسوخی کی مذمت، کشمیری عوام کی جدوجہد کو خراجِ تحسین

بدھ 5 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان پیپلز پارٹی کی نائب صدر سینیٹر شیری رحمان نے یومِ استحصالِ کشمیر کے موقع پر کشمیری عوام کی جرأت، استقامت اور حقِ خودارادیت کی جدوجہد کو خراجِ تحسین پیش کرتے ہوئے کہا ہے کہ 5 اگست 2019 کو بھارت کے غیرقانونی اور یکطرفہ اقدامات نے جموں و کشمیر کی متنازع حیثیت کو تبدیل کرنے کی کوشش کی۔

مزید پڑھیں:یومِ استحصالِ کشمیر: پاکستان کشمیری عوام کی حمایت جاری رکھے گا، اعظم نذیر تارڑ

اپنے پیغام میں شیری رحمان نے کہا کہ مودی حکومت نے 5 اگست 2019 کو بھارتی آئین کے آرٹیکل 370 اور آرٹیکل 35A کو یکطرفہ طور پر منسوخ کرکے جموں و کشمیر کی خصوصی آئینی حیثیت اور محدود خودمختاری ختم کرنے کی کوشش کی، جو نہ صرف کشمیری عوام کے حقوق پر حملہ تھا بلکہ اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں کی بھی خلاف ورزی تھی۔

انہوں نے کہا کہ کشمیری عوام نے اس فیصلے کو کبھی قبول نہیں کیا اور تمام تر دباؤ کے باوجود اپنے حقِ خودارادیت کے مطالبے پر ثابت قدم رہے۔ ان کے مطابق بھارت کے اس اقدام کا مقصد کشمیری عوام کی آواز دبانا، ان کے بنیادی حقوق سلب کرنا اور خطے کی آبادیاتی و آئینی حیثیت کو تبدیل کرنا تھا۔

سینیٹر شیری رحمان نے کہا کہ 5 اگست 2019 کے بعد مقبوضہ جموں و کشمیر میں انسانی حقوق کی سنگین خلاف ورزیاں دیکھنے میں آئیں، جن میں بڑے پیمانے پر گرفتاریاں، طویل کرفیو، مواصلاتی بلیک آؤٹ اور شہریوں کے خلاف سخت فوجی کارروائیاں شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ بھارتی حکومت کی پالیسیاں جمہوری اقدار، انصاف اور بنیادی انسانی حقوق کے مسلمہ اصولوں سے متصادم ہیں۔

مزید پڑھیں:یومِ استحصالِ کشمیر: چیئرمین کشمیر کمیٹی کا کشمیری عوام کی حمایت کے عزم کا اعادہ

انہوں نے کہا کہ پاکستان اقوامِ متحدہ کی سلامتی کونسل کی متعلقہ قراردادوں اور کشمیری عوام کی امنگوں کے مطابق جموں و کشمیر کے تنازع کا پرامن اور منصفانہ حل چاہتا ہے اور کشمیری عوام کے جائز حقوق کے حصول تک ان کی اخلاقی، سیاسی اور سفارتی حمایت جاری رکھے گا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp