اپنی عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتے ہیں؟ وجہ ناقص نیند بھی ہو سکتی ہے، تحقیق

جمعرات 6 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

ایک نئی تحقیق کے مطابق اگر کوئی شخص اپنی اصل عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتا ہے تو اس کی ایک بڑی وجہ معیاری نیند کی کمی ہو سکتی ہے۔

سلیپ (Sleep) نامی طبی جریدے میں شائع ہونے والی اور نیشنل سلیپ فاؤنڈیشن کی قیادت میں ہونے والی تحقیق میں 3 ہزار 100 سے زائد بالغ افراد کا جائزہ لیا گیا۔ شرکا سے پوچھا گیا کہ وہ خود کو کتنی عمر کا محسوس کرتے ہیں، جس کے بعد ان کی نیند کے معیار، نیند کے معمول اور دن کے وقت کی تھکن کا موازنہ کیا گیا۔

مزید پڑھیں:نیند کی کمی موٹاپے کا خطرہ بڑھا سکتی ہے

تحقیق سے معلوم ہوا کہ جو افراد اپنی حقیقی عمر سے زیادہ بوڑھا محسوس کرتے تھے، ان میں بے خوابی، بے ترتیب نیند، دن بھر تھکن اور جسمانی صحت کے مسائل زیادہ دیکھے گئے۔

ماہرِ نفسیات جوناتھن ایلپرٹ کے مطابق ناکافی نیند انسان کو ذہنی طور پر دھندلا، کم توانائی والا، چڑچڑا اور کم توجہ کا حامل بنا دیتی ہے، جس سے وقت سے پہلے بڑھاپے کا احساس پیدا ہو سکتا ہے۔

ماہرین کا کہنا ہے کہ اگر کوئی شخص مسلسل تھکاوٹ یا کمزوری محسوس کر رہا ہو تو اسے صرف عمر کا اثر سمجھنے کے بجائے اپنی نیند کے معیار پر بھی توجہ دینی چاہیے۔

مزید پڑھیں:ہفتہ وار نیند پوری کرنے کی کوشش کیوں بن جاتی ہے پیر کی تھکن کی وجہ؟

البتہ محققین نے واضح کیا کہ یہ تحقیق مشاہداتی نوعیت کی ہے، اس لیے اس سے یہ ثابت نہیں ہوتا کہ ناقص نیند ہی بڑھاپے کے احساس کی براہِ راست وجہ ہے، بلکہ دونوں کے درمیان تعلق کی نشاندہی کی گئی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp