پاکستان کے معروف موسیقار اور گلوکار ساحر علی بگا نے انکشاف کیا ہے کہ آئی ایس پی آر کے مقبول ملی نغمے ’پاکستان زندہ باد‘ کے لیے انہوں نے دو بڑے پاکستانی گلوکاروں کا انتخاب کیا تھا تاہم دونوں نے یہ گانا گانے سے انکار کردیا تھا۔
ساحر علی بگا نے حال ہی میں اداکار و میزبان احمد علی بٹ کے پوڈکاسٹ ’ایکسکیوز می‘ میں شرکت کی جہاں انہوں نے اپنے کیریئر، موسیقی اور معروف ملی نغمے سے متعلق دلچسپ انکشافات کیے۔
گفتگو کے دوران ساحر علی بگا نے بتایا کہ ’پاکستان زندہ باد‘ کی کمپوزیشن تیار کرتے وقت ان کے ذہن میں پاکستان کے دو بڑے گلوکار تھے اور وہ چاہتے تھے کہ دونوں اس گانے کو اپنی آواز دیں تاہم دونوں نے اسے گانے سے انکار کردیا۔
ساحر علی بگا کے مطابق ایک گلوکار نے تو گانا سنے بغیر ہی یہ کہہ دیا تھا کہ ’اگر اس نے گانا بنایا ہے تو میں نہیں گاؤں گا‘، گلوکار کا کہنا تھا کہ اس ردعمل کے بعد انہوں نے صرف ’ٹھیک ہے‘ کہا کیونکہ انہیں اپنی بنائی ہوئی کمپوزیشن پر مکمل اعتماد تھا۔
یہ بھی پڑھیں: اریجیت سنگھ کے موسیقی سے دور ہونے کے بعد ساحر علی بگا نے بھی جلد اہم فیصلے کا اعلان کردیا
انہوں نے بتایا کہ گانا آئی ایس پی آر سے منظور ہوچکا تھا اس لیے بالآخر انہیں خود ہی ’پاکستان زندہ باد‘ گانا پڑا۔ ان کے مطابق یہ گانا انتہائی بلند سُروں میں تھا جس کے لیے انہیں سخت محنت اور مسلسل ریاض کرنا پڑا۔
ساحر علی بگا نے کہا کہ وہ بنیادی طور پر بلند سُروں میں گانے والے گلوکار نہیں ہیں تاہم ’پاکستان زندہ باد‘ کے لیے انہیں خاص طور پر بھرپور مشق کرنا پڑی تاکہ گانے کے مشکل سُروں کو درست انداز میں پیش کرسکیں۔
یہ بھی پڑھیں: راحت فتح علی خان کو ’منافق‘ کیوں کہا؟ گلوکار ساحر علی بگا کی وضاحت
انہوں نے مزید کہا کہ وہ شو کے دوران ان دونوں گلوکاروں کے نام بھی ظاہر کرسکتے ہیں جنہوں نے یہ گانا گانے سے انکار کیا تھا۔
واضح رہے کہ ’پاکستان زندہ باد‘ آئی ایس پی آر کا مقبول ملی نغمہ ہے، جو 23 مارچ کو ریلیز ہوا تھا۔ گانے نے ریلیز کے بعد بھرپور مقبولیت حاصل کی اور یوٹیوب پر کروڑوں ویوز حاصل کرچکا ہے۔














