بھارت: غازی آباد میں چکن لے جانے پر بزرگ مسلمان شہری پر مبینہ تشدد، ویڈیو وائرل

بدھ 12 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

.

.

بھارتی دارالحکومت نئی دہلی سے متصل شہر غازی آباد میں چکن کا گوشت لے جانے والے ایک بزرگ مسلمان شہری کو مبینہ طور پر ہندو رکشا دل کے کارکنوں نے روک کر تشدد اور دھکم پیل کا نشانہ بنایا، جبکہ اس کے ہاتھ میں موجود سامان چھین کر دور پھینک دیا گیا۔ واقعے کی ویڈیو سوشل میڈیا پر وائرل ہوگئی۔

کشمیر میڈیا سروس کے مطابق یہ واقعہ 7 اگست کو غازی آباد کے علاقے سہانی میں پیش آیا۔ سوشل میڈیا پر گردش کرنے والی ویڈیو میں دیکھا جاسکتا ہے کہ ایک بزرگ مسلمان شہری غازی پور مارکیٹ سے چکن لے کر جارہا تھا کہ ہندو رکشا دل سے وابستہ متعدد افراد نے اسے روک لیا۔

ویڈیو میں مبینہ طور پر متعدد افراد کو بزرگ شہری کے ساتھ دھکم پیل اور ہاتھا پائی کرتے دیکھا جاسکتا ہے، جبکہ اس کے ہاتھ میں موجود سامان بھی چھین کر دور پھینک دیا گیا۔ واقعے میں ہندو رکشا دل کے کارکن پرنس ٹھاکر کے ملوث ہونے کا بھی دعویٰ کیا گیا ہے۔

واقعے کے بعد نجی گروہوں کی جانب سے شہریوں کے کھانے پینے کے انتخاب میں مداخلت اور قانون ہاتھ میں لینے کے معاملے پر سوشل میڈیا صارفین کی جانب سے تشویش کا اظہار کیا گیا۔ صارفین نے سوال اٹھایا کہ نجی گروہوں کو کسی شہری کو اس کی پسند کا کھانا خریدنے یا لے جانے سے روکنے اور مبینہ طور پر اس پر تشدد کرنے کا اختیار کیسے حاصل ہوسکتا ہے۔

پولیس حکام کے مطابق متاثرہ شخص کی موٹر سائیکل کا ٹریفک چالان کیا گیا، جس کے بعد اسے چھوڑ دیا گیا۔ پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کے حوالے سے کسی فریق کی جانب سے تاحال تحریری شکایت موصول نہیں ہوئی، تاہم وائرل ویڈیو کی جانچ کی جارہی ہے۔

واقعے کو قانون کی بالادستی اور اقلیتوں کے تحفظ کے حوالے سے بھی تشویش ناک قرار دیا جارہا ہے، کیونکہ ایک نجی گروہ کی جانب سے مبینہ طور پر قانون ہاتھ میں لینے اور شہری کے ساتھ نامناسب سلوک کا الزام سامنے آیا ہے۔

رپورٹ کے مطابق واقعے میں ملوث بتائے جانے والے پرنس ٹھاکر اس سے قبل فروری 2026 میں ہندو ریور کے قریب ایک مزار پر توڑ پھوڑ کے واقعے میں بھی مبینہ طور پر ملوث رہے ہیں، جس پر انہیں گرفتار کیا گیا تھا۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp