منّا بھیا کی واپسی نے مداحوں کو چونکا دیا، ’مرزا پور‘ فلم کب ریلیز ہوگی؟ اعلان ہوگیا

جمعرات 13 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

مقبول بھارتی ویب سیریز ’مرزا پور‘ کے مداحوں کے لیے بڑی خبر سامنے آگئی، سیریز پر مبنی فلم ’مرزا پور: دی مووی‘ کا ٹریلر جاری کردیا گیا ہے جس میں کالین بھیا، گڈو پنڈت اور منّا بھیا سمیت کئی مقبول کردار ایک بار پھر نظر آرہے ہیں۔ فلم 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز کی جائے گی۔

فلم کی سب سے بڑی حیرت منّا بھیا اور ببلو پنڈت کی واپسی ہے۔ سیریز کے دوسرے سیزن کے اختتام پر منّا بھیا کا کردار ختم کردیا گیا تھا جبکہ ببلو پنڈت پہلے سیزن میں مارے گئے تھے۔ تاہم فلم میں دونوں کردار دوبارہ دکھائی دیں گے۔

 

View this post on Instagram

 

A post shared by Excel Entertainment (@excelmovies)

منّا بھیا کا کردار ایک بار پھر دیوینندو ادا کر رہے ہیں جبکہ ببلو پنڈت کے کردار کے لیے جتندر کمار کو کاسٹ کیا گیا ہے۔ جتندر کمار اس کردار میں وکرانت میسی کی جگہ نظر آئیں گے۔

ٹریلر میں پنکج ترپاٹھی ایک بار پھر کالین بھیا جبکہ علی فضل گڈو پنڈت کے کردار میں دکھائی دیتے ہیں۔ کہانی میں مرزا پور کی بادشاہت اور تخت پر قبضے کی جنگ ایک مرتبہ پھر مرکزی حیثیت رکھتی ہے جبکہ اداکار روی کشن بھی ایک نئے کردار کے ساتھ فرنچائز کا حصہ بنے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مقبول ترین ویب سیریز مرزا پور 3 کا اعلان ہوگیا

فلم کی کہانی پونیت کرشنا نے لکھی ہے جبکہ ہدایت کاری گرمیت سنگھ نے کی ہے، جو اس سے قبل ’مرزا پور‘ سیریز کی بھی ہدایت کاری کرچکے ہیں۔ فلم کو رتیش سدھوانی اور فرحان اختر نے Excel Entertainment کے بینر تلے پروڈیوس کیا ہے۔

فلم کی کاسٹ میں پنکج ترپاٹھی، علی فضل، دیوینندو، جتندر کمار، روی کشن، ابھیشیک بنرجی، رسیکا دوگل، شویتا ترپاٹھی، شریا پیلگاؤںکر، ہرشیتا گور، سوشانت سنگھ، موہت ملک، شیبا چڈھا، راجیش ٹیلانگ، کلبھوشن کھربندا، انجم شرما، سونل چوہان، پرمود پاٹھک اور اننگشا بسواس سمیت دیگر اداکار شامل ہیں۔

یہ بھی پڑھیں: مرزا پور سیزن 3 ، انوکھے انداز میں ریلیز کی تاریخ کا اعلان

’مرزا پور: دی مووی‘ کی خاص بات یہ ہے کہ اسے ویب سیریز کے چوتھے سیزن کے بجائے بڑے پردے کے لیے تیار کیا گیا ہے۔ فلم 4 ستمبر 2026 کو سینما گھروں میں ریلیز ہوگی اور اس کے ذریعے ’مرزا پور‘ کی مقبول دنیا پہلی مرتبہ بڑے پردے پر منتقل ہوگی۔

’مرزا پور‘ کا پہلا سیزن 2018 میں ریلیز ہوا تھا جس کے بعد 2020 میں دوسرا اور 2024 میں تیسرا سیزن پیش کیا گیا۔ اب فلم میں مقبول کرداروں کی واپسی نے مداحوں میں خاصا جوش پیدا کردیا ہے خصوصاً منّا بھیا اور ببلو پنڈت کو دوبارہ ایک ساتھ دیکھنے کے امکان نے فلم کے حوالے سے تجسس مزید بڑھا دیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp