انڈونیشیا کے مشرقی حصے میں آنے والے 7.7 شدت کے طاقتور زلزلے سے ہلاکتوں کی تعداد 54 ہوگئی، جبکہ 135 افراد زخمی ہوئے ہیں۔
امریکی خبر رساں ادارے ایسوسی ایٹڈ پریس کے مطابق زلزلہ ہفتے کی صبح فلوریس جزیرے کے قریب مشرقی نوسا تنگارا صوبے میں آیا، جس کے نتیجے میں بڑے پیمانے پر تباہی ہوئی، مکانات منہدم اور لینڈ سلائیڈنگ کے باعث متعدد سڑکیں بند ہوگئیں۔
زلزلے سے 1300 سے زائد مکانات متاثر ہوئے، جن میں قریباً 250 مکمل طور پر تباہ ہوگئے، جبکہ قریباً 5 ہزار افراد کو محفوظ مقامات پر منتقل کیا گیا ہے۔
Flores Indonesia Mw7.7 Earthquake right now. pic.twitter.com/TpoOnAclmh
— Daryono Perwira Sakti (@daryono_eq_talk) August 14, 2026
امدادی کارکن ملبے تلے دبے افراد کی تلاش جاری رکھے ہوئے ہیں، تاہم لینڈ سلائیڈنگ، سڑکوں کی بندش اور مواصلاتی نظام میں خلل کے باعث امدادی کارروائیوں میں مشکلات کا سامنا ہے۔
زلزلے کے بعد ایک ہزار کے قریب آفٹر شاکس ریکارڈ کیے جا چکے ہیں، جس کے باعث متاثرہ علاقوں میں خوف و ہراس برقرار ہے۔ حکام نے متاثرہ صوبے میں 14 روزہ ہنگامی حالت نافذ کر رکھی ہے۔
مزید پڑھیں:انڈونیشیا میں مسافر بردار فیری حادثے کا شکار، 5 افراد ہلاک، لاپتا مسافروں کی تلاش جاری
انڈونیشیا بحرالکاہل کے ’رنگ آف فائر‘ میں واقع ہونے کے باعث زلزلوں کے حوالے سے انتہائی حساس ملک ہے۔














