پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان 3 ٹیسٹ میچوں کی سیریز کا پہلا مقابلہ کل بدھ کو ہیڈنگلے اسٹیڈیم میں شروع ہوگا تاہم میچ کے پہلے روز بارش کا امکان کرکٹ کے اس بڑے مقابلے کا مزہ کرکرا کرسکتا ہے۔
یہ بھی پڑھیں: جنوبی افریقہ کے مائیکل اسمتھ پاکستان کرکٹ ٹیم کے نئے بیٹنگ کوچ مقرر
دونوں ٹیمیں سیریز کا فاتحانہ آغاز کرنے کے لیے پرعزم ہیں لیکن موسم کی پیشگوئی کے مطابق یارکشائر کے میدان میں دن کے دوران وقفے وقفے سے بارش ہوسکتی ہے جس کے باعث کھیل متاثر ہونے کا خدشہ ہے۔
پہلے روز موسم جزوی طور پر ابر آلود اور دھوپ والا رہنے کی توقع ہے تاہم بارش کا امکان 57 فیصد بتایا گیا ہے اور تقریباً 2 ملی میٹر بارش ہونے کی پیش گوئی کی گئی ہے۔ بارش مجموعی طور پر تقریباً ڈیڑھ گھنٹے تک جاری رہ سکتی ہے۔
🚨 PAK v ENG LEEDS TEST – WEATHER UPDATE 🚨
Day 1 – 57% 🌧
Day 2 – 84% 🌧
Day 3 – 66% 🌧
Day 4 – 7% 🌥
Day 5 – 10% 🌥– The Leeds Test between Pakistan and England is likely to be heavily affected by rain. 💔 pic.twitter.com/ZWPjTOtyB9
— Rayham. (@RayhamUnplugged) August 18, 2026
درجہ حرارت زیادہ سے زیادہ 20 ڈگری سینٹی گریڈ تک رہنے کی توقع ہے جبکہ مغربی سمت سے ہوائیں تقریباً 15 کلومیٹر فی گھنٹہ کی رفتار سے چل سکتی ہیں۔ ہواؤں کے جھکڑ 41 کلومیٹر فی گھنٹہ تک پہنچنے کا امکان ہے جو تیز گیند بازوں کی سوئنگ اور فیلڈنگ پر اثر انداز ہوسکتے ہیں۔
مزید پڑھیے: انجری نے بابر اعظم کی انگلینڈ کے خلاف پہلے ٹیسٹ میں شرکت مشکوک بنا دی
دن کے دوران گرج چمک کے ساتھ بارش کا امکان بھی 11 فیصد ہے۔ دوپہر کے وقت بھی موسم جزوی طور پر دھوپ والا رہنے کی توقع ہے جبکہ ہلکی بارش کا امکان 55 فیصد اور تقریباً 0.7 ملی میٹر بارش متوقع ہے۔
پاکستان کی انگلینڈ میں تاریخی کامیابی کی تلاش
پاکستان 4 سال بعد انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز کھیل رہا ہے اور اس سیریز کو تاریخی اعتبار سے بھی خاص اہمیت حاصل ہے۔
The first Test of the three-match series between Pakistan and England will be played at Headingley, Leeds, tomorrow@TheRealPCBMedia @TheRealPCB #News #RadioPakistan https://t.co/YA53bv8Fml
— Radio Pakistan (@RadioPakistan) August 18, 2026
پاکستان نے آخری مرتبہ سنہ 1996 میں انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتی تھی جب وسیم اکرم کی قیادت میں قومی ٹیم نے 3 میچوں کی سیریز 2-1 سے اپنے نام کی تھی۔
یہ انگلینڈ میں پاکستان کی مسلسل تیسری ٹیسٹ سیریز فتح تھی۔ اس سے قبل پاکستان نے سنہ 1987 میں عمران خان اور سنہ 1992 میں جاوید میانداد کی قیادت میں انگلینڈ کو اس کی سرزمین پر سیریز میں شکست دی تھی۔
اس کے بعد سے پاکستان انگلینڈ میں اس کامیابی کو دہرانے میں ناکام رہا ہے اور موجودہ سیریز میں قومی ٹیم طویل عرصے سے جاری اس انتظار کو ختم کرنے کے لیے میدان میں اترے گی۔
پاکستان نے آخری مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز سال 2020 میں کھیلی تھی جس میں میزبان ٹیم نے 1-0 سے کامیابی حاصل کی تھی جبکہ دیگر 2 ٹیسٹ ڈرا ہوگئے تھے۔
دونوں ٹیموں کا ٹیسٹ ریکارڈ
پاکستان اور انگلینڈ کے درمیان اب تک 92 ٹیسٹ میچز کھیلے جاچکے ہیں۔ انگلینڈ نے 30 جبکہ پاکستان نے 23 میچوں میں کامیابی حاصل کی ہے۔ دونوں ٹیموں کے درمیان 39 ٹیسٹ میچز ڈرا ہوئے ہیں۔
دونوں ٹیموں کے اسکواڈ
انگلینڈ نے ابتدائی 2 ٹیسٹ میچوں کے لیے جو روٹ، جوفرا آرچر، گس ایٹکنسن، شعیب بشیر، ہیری بروک، برائیڈن کارس، سیم کک، جارڈن کاکس، بین ڈکٹ، میتھیو فشر، ایمیلیو گے، ڈین لارنس، اولی پوپ، اولی رابنسن، جیمی اسمتھ اور جوش ٹنگ کو اسکواڈ میں شامل کیا ہے۔
پاکستانی اسکواڈ میں بابر اعظم، عامر جمال، علی عثمان، اویس ظفر، اذان اویس، غازی غوری، امام الحق، خرم شہزاد، محمد عباس، محمد علی، محمد رضوان، ساجد خان، سلمان علی آغا، سعود شکیل، شان مسعود اور عبداللہ شفیق شامل ہیں۔
بابر اعظم اور جو روٹ پر نظریں
میچ میں شائقین کی نظریں انگلینڈ کے تجربہ کار بلے باز جو روٹ اور پاکستان کے اسٹار بیٹر بابر اعظم پر ہوں گی بشرطیکہ بابر اعظم مکمل طور پر فٹ قرار پاتے ہیں۔
🚨 PAKISTAN COULD GO WITH FOUR FAST BOWLERS 🔥
Pakistan are considering a four-man pace attack for the first Test against England, with the green Headingley pitch expected to offer plenty of assistance to seamers.#ENGvPAK #PakistanCricket #TestCricket #Headingley pic.twitter.com/kQza1yBB3N
— Cricket 360 (@RealCrickets360) August 18, 2026
بولنگ کے شعبے میں انگلینڈ کے تیز گیند باز جوفرا آرچر جبکہ پاکستان کے تجربہ کار فاسٹ بولر محمد عباس اہم کردار ادا کرسکتے ہیں۔ ہیڈنگلے کی متوقع صورتحال میں سوئنگ اور سیم بولنگ دونوں ٹیموں کے لیے فیصلہ کن ثابت ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: دورہ انگلینڈ میں بابر اعظم کو میڈیا سے دور رکھا جائے، راشد لطیف کا پی سی بی کو مشورہ
پاکستانی ٹیم 4 سال بعد انگلینڈ میں سرخ گیند کی کرکٹ میں واپسی کررہی ہے جبکہ قومی ٹیم کی نظریں سنہ 1996 کے بعد پہلی مرتبہ انگلینڈ میں ٹیسٹ سیریز جیتنے پر مرکوز ہیں۔ تاہم اس تاریخی ہدف کی جانب پہلا قدم اٹھانے کے لیے اسے سب سے پہلے بارش کے ممکنہ تعطل سے نمٹنا ہوگا۔














