ٹی وی میزبان اور اداکار ساحر لودھی کے خلاف چیک باؤنس ہونے کے معاملے پر کراچی پولیس نے عدالت کے حکم پر مقدمہ درج کرلیا۔
یہ بھی پڑھیں: ساحر لودھی کی ویڈیوز کا ساتھی فنکار کیوں مذاق اڑا رہے ہیں؟
میڈیا رپورٹس کے مطابق کراچی کے شاہ لطیف ٹاؤن تھانے کے ایس ایچ او غلام نبی آفریدی نے بتایا کہ میزبان کی مبینہ کاروباری شراکت دار نغمہ گل نے 8 سے 9 چیک باؤنس ہونے کے معاملے پر عدالت سے رجوع کیا تھا۔
انہوں نے بتایا کہ عدالت کے حکم پر پولیس نے ساحر لودھی کے خلاف پاکستان پینل کوڈ کی دفعہ 489-ایف یعنی بدنیتی سے ایسا چیک جاری کرنا جس کی رقم ادا نہ ہوسکے اور دفعہ 34 کے تحت مقدمہ درج کیا ہے۔ پولیس کے مطابق اس معاملے میں تاحال کوئی گرفتاری عمل میں نہیں آئی۔
ایف آئی آر کے مطابق مدعیہ نے مؤقف اختیار کیا کہ وہ بیوہ اور لانڈھی کی رہائشی ہیں۔ ان کے مطابق ایک جاننے والے کے مشورے پر انہوں نے سرمایہ کاری کی غرض سے ساحر لودھی کو 40 لاکھ روپے دیے تھے۔
مزید پڑھیے: دانش نواز کی شاہ رخ خان کے ساتھ سیلفی، صارفین کے دلچسپ تبصرے
مدعیہ نے دعویٰ کیا کہ ساحر لودھی نے اس سرمایہ کاری پر انہیں ایک مرتبہ 2 لاکھ 50 ہزار روپے اور دوسری مرتبہ 4 لاکھ روپے منافع ادا کیا۔
ایف آئی آر میں مزید کہا گیا ہے کہ ساحر لودھی نے مختلف اوقات میں انہیں مزید 8 چیک دیے تاہم بینک اکاؤنٹ میں مطلوبہ رقم موجود نہ ہونے کے باعث تمام چیک باؤنس ہوگئے۔
مدعیہ کے مطابق چیکوں کی رقم ادا نہ ہونے پر انہوں نے قانونی کارروائی کے لیے ملیر کے ڈسٹرکٹ جج سے رجوع کیا جس کے بعد عدالت کی ہدایت پر پولیس نے ساحر لودھی کے خلاف مقدمہ درج کرلیا۔
مزید پڑھیں: دانش نواز کی شاہ رخ خان کے ساتھ سیلفی، صارفین کے دلچسپ تبصرے
پولیس کا کہنا ہے کہ معاملے کی مزید تفتیش جاری ہے اور مقدمے میں نامزد کسی شخص کو تاحال گرفتار نہیں کیا گیا۔














