کوسٹل ہائی وے این10 پر زون-ون اورماڑہ کے علاقے بی2 میں باؤزر اور ٹویوٹا کرولا کے درمیان خوفناک تصادم کے نتیجے میں کار میں سوار 6 افراد جاں بحق ہوگئے۔ جاں بحق افراد میں 2 مرد، 2 خواتین اور 2 بچے شامل ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تربت سے کوئٹہ جانے والی مسافر کوچ کو حادثہ، خواتین اور بچوں سمیت 28 افراد جاں بحق
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس اسلم بنگلزئی کے مطابق ٹویوٹا کرولا رجسٹریشن نمبر BJN-481 تربت کی جانب جارہی تھی جبکہ باؤزر کراچی کی سمت رواں دواں تھا۔
دونوں گاڑیوں کے درمیان زوردار تصادم ہوا، جس کے نتیجے میں کار میں سوار تمام 6 افراد موقع پر ہی جاں بحق ہوگئے۔ کرولا کے ڈرائیور کی شناخت اسلم کے نام سے بتائی جا رہی ہے۔
حادثے کی اطلاع ملتے ہی کوسٹل ہائی وے پولیس کی ٹیم فوری طور پر جائے حادثہ پر پہنچ گئی، علاقے کو محفوظ بنایا اور شاہراہ پر ٹریفک کی روانی برقرار رکھتے ہوئے ضروری امدادی کارروائیاں انجام دیں۔
یہ بھی پڑھیں: کوئٹہ: کوسٹل ہائی وے پر کوچ الٹنے سے 18 ایف سی اہلکار زخمی
ایس پی کوسٹل ہائی وے پولیس کے مطابق حادثے کے بعد شاہراہ پر ٹریفک بحال کر دی گئی ہے اور دونوں اطراف سے آمدورفت معمول کے مطابق جاری ہے۔














