الاسکا کے انتہائی دور افتادہ علاقے میں امریکی فضائیہ کے ایک ریڈار مرکز کے قریب شہری کمپنی کے زیرِ انتظام چارٹر طیارہ حادثے کا شکار ہوگیا، جس کے نتیجے میں طیارے میں سوار تمام 8 افراد ہلاک ہوگئے۔ حادثہ خراب موسم اور شدید دھند کے دوران لینڈنگ کی دوسری کوشش کے وقت پیش آیا۔
امریکی فوج کے مطابق حادثہ جمعرات کو کیپ نیوینہم لانگ رینج ریڈار سائٹ ایئرپورٹ پر پیش آیا، جو ریاست الاسکا کے جنوب مغربی حصے میں اینکریج سے تقریباً 725 کلومیٹر دور واقع ہے۔ یہ مقام الاسکا کی فضائی حدود میں پرواز کرنے والے طیاروں کی نگرانی کرنے والے دور دراز ریڈار مراکز کے نیٹ ورک کا حصہ ہے۔
حادثے کا شکار ہونے والا جڑواں انجن والا سیسنا 441 طیارہ اینکریج کے ٹیڈ اسٹیونز انٹرنیشنل ایئرپورٹ سے کیپ نیوینہم کے لیے روانہ ہوا تھا۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ (NTSB) کے مطابق طیارے میں 2 پائلٹ اور 6 مسافر سوار تھے۔ امریکی آرمی کور آف انجینئرز نے تصدیق کی ہے کہ ہلاک ہونے والوں میں اس کے 2 اہلکار بھی شامل تھے۔
💊 Airplane ops: Military | Alaska
A Cessna 441 charter plane carrying 8 people crashed near a remote military radar site in western Alaska Thursday, killing everyone aboard.
The flight, chartered by the U.S. Army Corps of Engineers and operated by Security Aviation, took off… pic.twitter.com/lc8HYTXamH
— WayneTech SPFX®️ (@WayneTechSPFX) August 21, 2026
تحقیقاتی حکام کے مطابق طیارے نے پہلی مرتبہ لینڈنگ کی کوشش کی تاہم اسے لینڈنگ مکمل کیے بغیر واپس آنا پڑا۔ پائلٹس نے دوسری مرتبہ لینڈنگ کی کوشش کی، اسی دوران طیارہ ریڈار سے رابطہ کھو بیٹھا اور رن وے کے قریب پہاڑی علاقے میں گر کر تباہ ہوگیا۔
حادثے کے وقت علاقے میں موسم انتہائی خراب تھا اور طیارہ آلات کی مدد سے پرواز کر رہا تھا۔ کیپ نیوینہم کا رن وے پہاڑی علاقے میں واقع ہے اور اس کے اطراف بلند و بالا زمینی ساخت موجود ہے، جس کے باعث خراب موسم میں لینڈنگ خاصی مشکل ہوجاتی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:کویت میں امریکی ایف 15 طیارہ تباہ
طیارہ سیکیورٹی ایوی ایشن نامی اینکریج کی چارٹر کمپنی چلا رہی تھی۔ امریکی فوج کے مطابق طیارے میں سوار افراد ایک اہم مشن کے سلسلے میں دور افتادہ ریڈار مرکز جا رہے تھے، تاہم ان کے مخصوص فرائض کی تفصیلات جاری نہیں کی گئیں۔
امریکی فضائیہ کے لیفٹیننٹ جنرل رابرٹ ڈیوس نے حادثے کو فوجی برادری اور متعلقہ علاقوں کے لیے ’انتہائی افسوسناک نقصان‘ قرار دیتے ہوئے کہا کہ ہلاک ہونے والے افراد مشکل ماحول میں ایک اہم ذمہ داری انجام دینے والے پیشہ ور افراد تھے۔
Eight passengers on board a charter plane were killed after the aircraft crashed in a remote part of western Alaska, according to military officials. https://t.co/OMdkqINklK
— FOX 13 Seattle (@fox13seattle) August 22, 2026
حادثے کے بعد ریسکیو ٹیموں نے جائے وقوع پر پہنچ کر تمام 8 افراد کی ہلاکت کی تصدیق کی۔ نیشنل ٹرانسپورٹیشن سیفٹی بورڈ اور فیڈرل ایوی ایشن ایڈمنسٹریشن نے حادثے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ حکام کا کہنا ہے کہ طیارے کے حادثے کی حتمی وجہ تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی سامنے آئے گی۔














