ایشین کرکٹ کونسل الیکشن، تاریخ رقم ہو گئی، بھارت کو شکست، پاکستان نے تینوں نشستیں جیت لیں

اتوار 23 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بینکاک میں ہونے والے ایشین کرکٹ کونسل  (اے سی سی ) کے سالانہ اجلاس میں پاکستان کے حمایت یافتہ پینل نے تاریخی کامیابی حاصل کرتے ہوئے بورڈ کی تینوں نشستیں اپنے نام کر لیں۔

بھارت نواز پینل کو کانٹے دار مقابلے کے بعد شکست کا سامنا کرنا پڑا، جو  ’اے سی سی‘ کی تاریخ میں پہلا موقع ہے جب پاکستانی پینل نے تمام نشستیں جیتی ہوں۔

ایشین کرکٹ کونسل کے سالانہ اجلاس کے دوران بورڈ کی 3 ڈائریکٹر نشستوں کے لیے پاکستان اور بھارت کے حمایت یافتہ پینلز کے درمیان مقابلہ ہوا۔

یہ بھی پڑھیں:بھارتی اجارہ داری ختم، ایشین کرکٹ کونسل کے مستقبل سے متعلق سابق پی سی بی چیف کا اہم دعویٰ

میڈیا رپورٹس کے مطابق  ’اے سی سی ‘ صدر اور پاکستان کرکٹ بورڈ  ( پی سی بی ) کے چیئرمین محسن نقوی کی حمایت یافتہ پینل میں قطر، سنگاپور اور مالدیپ کے نمائندے شامل تھے، جنہوں نے سخت مقابلے کے بعد کامیابی حاصل کی۔

اس موقع پر بھارتی کرکٹ بورڈ  (بی سی سی آئی) کی نمائندگی نائب صدر راجیو شکلا نے کی، تاہم بھارت نواز پینل کو شکست کا منہ دیکھنا پڑا۔

محسن نقوی کے لیے بڑی کامیابی

میڈیا رپورٹس کے مطابق اس نتیجے کو محسن نقوی کی بڑی کامیابی اور ایشین کرکٹ کونسل میں پاکستان کے بڑھتے ہوئے اثر و رسوخ کا واضح ثبوت قرار دیا جا رہا ہے۔

یہ پہلا موقع ہے جب  ’اے سی سی ‘ کے قیام کے بعد سے کسی پاکستانی پینل نے تمام تینوں دستیاب نشستیں جیتی ہوں، جسے کرکٹ حلقوں میں ایک اہم سفارتی کامیابی سمجھا جا رہا ہے۔

ایشیا کپ 2026 کی تیاریوں کا جائزہ

اجلاس میں آئندہ سال بنگلہ دیش میں ہونے والے ایشیا کپ کی تیاریوں کا بھی جائزہ لیا گیا، جس کے لیے سلہٹ، میرپور اور چٹاگانگ کو ممکنہ میزبان مقامات کے طور پر تجویز کیا گیا۔ اس کے علاوہ   ’اے سی سی‘ کے سالانہ بجٹ پر بھی تبادلہ خیال کیا گیا۔

ویمنز ایشیا کپ، بھارت اور پاکستان ایک ہی گروپ میں

اجلاس کے دوران دبئی میں ہونے والے ویمنز ایشیا کپ کی تیاریوں اور انتظامات کا بھی جائزہ لیا گیا۔ اس سال کے ویمنز ٹی20 ایشیا کپ میں بھارت اور پاکستان کو ایک ہی گروپ میں رکھا گیا ہے۔ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک کھیلا جائے گا۔

مزید پڑھیں:سیاست اور کونسل کے معاملات کو الگ رکھیں گے، محسن نقوی کا ایشین کرکٹ کونسل کے اجلاس کے بعد گفتگو

اس سال کے کانٹی نینٹل ٹورنامنٹ میں 8 ٹیمیں حصہ لیں گی، جنہیں 2 گروپس میں تقسیم کیا گیا ہے۔ شیڈول کے مطابق ویمنز ٹی20 ایشیا کپ 2026 کا آغاز 28 اگست کو ہوگا، جس کا پہلا میچ تھائی لینڈ اور ہانگ کانگ کے درمیان دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں کھیلا جائے گا۔ یہی اسٹیڈیم ٹورنامنٹ کے تمام 15 میچز کی میزبانی کرے گا، جس میں 13 ستمبر کو ہونے والا فائنل بھی شامل ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp