موڈیز نے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بڑھا کر B3 کردی، یہ حکومتی پالیسیوں پر عالمی اعتماد ہے، وزیراعظم کا خیرمقدم

پیر 24 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

عالمی ریٹنگ ایجنسی موڈیز نے پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کر دی ہے، جبکہ پاکستان کی ریٹنگ کا آؤٹ لک مستحکم (Stable) برقرار رکھا ہے۔

پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری ملکی معیشت اور قرضوں کی ادائیگی کی صلاحیت پر بڑھتے اعتماد کی عکاس ہے۔ B3 ریٹنگ پاکستان کی معاشی بحالی اور مالیاتی استحکام کی جانب ایک اور اہم پیشرفت ہے۔

مزید پڑھیں: ’ایس اینڈ پی‘ کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری، معاشی ماہرین کی رائے کیا ہے؟

ماہرین کے مطابق عالمی ریٹنگ ایجنسی کی جانب سے اپ گریڈ پاکستان کی بہتر ہوتی معاشی اور مالیاتی پوزیشن کا اعتراف ہے۔ بہتر کریڈٹ ریٹنگ سے عالمی سرمایہ کاروں کے اعتماد اور بین الاقوامی مالیاتی منڈیوں تک پاکستان کی رسائی میں بہتری کی راہ ہموار ہو سکتی ہے۔ موڈیز کا تازہ فیصلہ پاکستان کے معاشی استحکام کے سفر میں ایک اہم مثبت پیشرفت ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف کا موڈیز کی جانب سے کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم

دوسری جانب وزیراعظم پاکستان شہباز شریف نے موڈیز کی جانب سے پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ Caa1 سے بڑھا کر B3 کرنے پر قوم کو مبارکباد دی ہے اور پاکستان کی خودمختار کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری کا خیرمقدم کیا ہے۔

وزیراعظم نے حکومتی معاشی ٹیم کی کاوشوں کو سراہتے ہوئے کہاکہ نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ سینیٹر محمد اسحاق ڈار، آرمی چیف و چیف آف ڈیفنس فورسز فیلڈ مارشل سید عاصم منیر، وزیر خزانہ محمد اورنگزیب اور تمام متعلقہ وزرا و حکام اس امر کے لیے لائق تحسین ہیں۔

وزیراعظم شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ میں بہتری حکومت کی معاشی پالیسیوں اور اصلاحات پر عالمی اعتماد کا مظہر ہے۔

ان کا کہنا تھا کہ بین الاقوامی مالیاتی اداروں اور ریٹنگ ایجنسیوں کی جانب سے پاکستان کی معاشی صورتحال میں بہتری کا اعتراف خوش آئند ہے۔

وزیراعظم نے کہاکہ پاکستان کی معیشت استحکام کی جانب گامزن ہے، بین الاقوامی اداروں کی جانب سے ریٹنگ میں بہتری اس کا واضح ثبوت ہے۔

انہوں نے کہاکہ حکومت نے معیشت کو مستحکم کرنے اور بیرونی شعبے میں بہتری کے لیے مؤثر اقدامات کیے ہیں۔

مزید پڑھیں: معاشی اشاریے مثبت، پاکستان کی کریڈٹ ریٹنگ بہتر ہونے کا امکان، گورنر اسٹیٹ بینک

وزیراعظم شہباز شریف کا کہنا تھا کہ معاشی استحکام کے لیے حکومت کی مسلسل محنت اور اصلاحات کے نتیجے میں عالمی اداروں کا پاکستان پر اعتماد بڑھ رہا ہے۔

انہوں نے کہاکہ پاکستان کی معیشت کو پائیدار بنیادوں پر استوار کرنے کے لیے حکومت اصلاحات کا عمل مزید تیز کرے گی۔

وزیراعظم نے کہاکہ ہماری منزل پاکستان کو ایک مضبوط، خودکفیل اور پائیدار معیشت بنانا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp