وزیراعظم محمد شہباز شریف سے چیئرمین رطاج گروپ و تمیم ہولڈنگز شیخ نائف بن عید آل ثانی نے ملاقات کی ہے، جس میں پاکستان اور قطر کے درمیان دوطرفہ تعلقات اور سرمایہ کاری کے امور پر تبادلہ خیال کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں: ایل این جی کی اضافی درآمدات، پاکستان قطر سے گیس کارگو بین الاقوامی منڈی میں منتقل کرنے کی اجازت مانگے گا
ملاقات میں وفاقی وزیر پیٹرولیم علی پرویز ملک، وزیراعظم کے مشیر ہارون اختر، وزیر مملکت بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق فاطمی اور متعلقہ اعلیٰ حکام نے بھی شرکت کی۔

وزیراعظم محمد شہباز شریف نے قطری وفد کا خیرمقدم کرتے ہوئے کہا کہ پاکستان اور قطر کے درمیان دیرینہ، مضبوط اور برادرانہ تعلقات ہیں۔

وزیراعظم نے اپنے حالیہ دورہ قطر کا بھی ذکر کیا، جو انہوں نے امیر قطر کے والد کی وفات پر تعزیت کے لیے کیا تھا۔
یہ بھی پڑھیں: پاکستان قطر کے ساتھ اپنے برادرانہ تعلقات کو بہت اہمیت دیتا ہے، وزیر اعظم
شہباز شریف نے کہا کہ پاکستان قطر کے امیر شیخ تمیم بن حمد آل ثانی کے دورہ پاکستان کا منتظر ہے، قطری وفد نے پاکستانی جانب سے شاندار مہمان نوازی پر شکریہ ادا کیا اور پاکستان میں سرمایہ کاری بڑھانے میں گہری دلچسپی کا اظہار کیا۔














