کم خرچ یا مفت میں صحت اور ذہنی سکون بہتر بنانے کے آسان طریقے

پیر 24 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

صحت مند رہنے اور ذہنی سکون حاصل کرنے کے لیے ضروری نہیں کہ مہنگے جم، اسپاز، خصوصی ریٹریٹس یا دیگر پرتعیش سرگرمیوں پر بڑی رقم خرچ کی جائے۔ ماہرین کے مطابق روزمرہ زندگی میں چند سادہ عادات اور سرگرمیوں کو شامل کرکے کم یا بغیر کسی خرچ کے جسمانی اور ذہنی صحت کو بہتر بنایا جاسکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیں: گرمی میں ورزش محفوظ طریقے سے کیسے کی جائے؟ ماہرین کی اہم ہدایات

اگر یوگا، ورزش یا مراقبے کی کلاسز مہنگی محسوس ہوتی ہیں تو اپنے علاقے میں موجود مفت یا کم خرچ گروپس کا حصہ بننا ایک اچھا متبادل ہوسکتا ہے۔ مقامی کمیونٹی گروپس، سوشل میڈیا اور دیگر آن لائن پلیٹ فارمز کے ذریعے ایسی سرگرمیوں کا پتا چلایا جاسکتا ہے۔

لوگ پارک میں یوگا، واک، مراقبہ یا دیگر ہلکی پھلکی ورزش کے لیے دوستوں اور اہل علاقہ کے ساتھ گروپ بھی بنا سکتے ہیں۔ اس طرح صحت مند سرگرمی کے ساتھ سماجی رابطے بھی بڑھتے ہیں۔

صحت مند طرز زندگی سے متعلق ماہرین کا کہنا ہے کہ اس کے لیے سب سے اہم چیز مہنگی سہولیات نہیں بلکہ ایسی سرگرمیوں کا انتخاب ہے جنہیں انسان اپنی روزمرہ زندگی کا مستقل حصہ بنا سکے۔

باغبانی کریں خواہ اپنا باغ نہ ہو

باغبانی جسمانی اور ذہنی صحت کے لیے مفید سرگرمی سمجھی جاتی ہے۔ اس کے لیے بڑے باغ یا مہنگے سامان کی ضرورت نہیں۔ گھر کی چھت، بالکونی یا کھڑکی کے قریب چند گملوں سے بھی آغاز کیا جاسکتا ہے۔

اگر گھر میں جگہ دستیاب نہ ہو تو کمیونٹی گارڈن، مقامی پارک یا ایسی جگہوں کا حصہ بننے کی کوشش کی جاسکتی ہے جہاں اجتماعی طور پر پودے لگانے اور ان کی دیکھ بھال کی سرگرمیاں ہوتی ہوں۔

تحقیق کے مطابق باقاعدگی سے باغبانی کرنے والے افراد اپنی عمومی صحت اور خوش حالی کے بارے میں زیادہ مثبت احساسات رکھتے ہیں جبکہ ان میں ذہنی دباؤ کی سطح بھی کم ہوسکتی ہے۔

باغبانی صرف پودے اگانے تک محدود نہیں۔ اس سرگرمی کے ذریعے انسان باہر وقت گزارتا ہے، جسمانی حرکت کرتا ہے، فطرت سے جڑتا ہے اور دوسرے لوگوں سے میل جول کا موقع بھی حاصل کرتا ہے۔

پرانے اور سادہ مشاغل دوبارہ اپنائیں

پرندوں کا مشاہدہ، کتاب پڑھنا، ڈائری لکھنا، ڈرائنگ، کروشیے کا کام، باغبانی یا دستکاری جیسے سادہ مشاغل بھی ذہنی سکون حاصل کرنے میں مدد دے سکتے ہیں۔

مثلاً پرندوں کا مشاہدہ کرنے کے لیے کسی مہنگے سامان کی ضرورت نہیں۔ کسی پارک، باغ یا کھلی جگہ پر کچھ وقت گزارنا ہی کافی ہوسکتا ہے۔ تحقیق سے معلوم ہوا ہے کہ فطرت اور پرندوں کا مشاہدہ خوشی اور ذہنی سکون میں اضافے کے ساتھ انسان کو قدرتی ماحول سے زیادہ جڑے ہونے کا احساس دلا سکتا ہے۔

مزید پڑھیے: لوگوں کے نام دماغ سے جلدی نکل جاتے ہیں تو یہ آسان ورزش کرلیں

اسی طرح کروشیے یا دیگر ہاتھ سے کیے جانے والے کام بھی ذہنی توجہ کو ایک سرگرمی پر مرکوز رکھنے میں مدد دے سکتے ہیں۔ بعض تحقیقات میں ایسے مشاغل کو ذہنی دباؤ، غم اور زندگی کے مشکل حالات سے نمٹنے میں معاون قرار دیا گیا ہے۔

ورزش کے لیے جم ضروری نہیں

صحت مند رہنے کے لیے جم کی مہنگی رکنیت لازمی نہیں۔ پیدل چلنا، دوڑنا، سائیکل چلانا، پارک میں ورزش کرنا یا گھر پر اپنے جسم کے وزن سے مختلف ورزشیں کرنا کم یا بغیر کسی خرچ کے ممکن ہے۔

باڈی ویٹ ٹریننگ یا کیلیستھینکس میں پُش اَپس، اسکواٹس اور پل اَپس جیسی ورزشیں شامل ہیں۔ ان کے لیے عموماً اضافی سامان کی ضرورت نہیں ہوتی اور یہ جسمانی طاقت، لچک اور جسمانی ہم آہنگی بہتر بنانے میں مدد دے سکتی ہیں۔

جو لوگ ورزش کا آغاز کر رہے ہیں وہ روزانہ چند منٹ تیز چہل قدمی سے شروع کرکے بتدریج دورانیہ بڑھا سکتے ہیں۔ اہم بات یہ ہے کہ ورزش کو اچانک بہت زیادہ کرنے کے بجائے اپنی جسمانی استعداد کے مطابق آہستہ آہستہ معمول کا حصہ بنایا جائے۔

گھر پر ساؤنڈ باتھ یا مراقبے کا تجربہ

ساؤنڈ باتھ ذہنی سکون اور مراقبے کے لیے استعمال ہونے والی ایک سرگرمی ہے، جس میں ساؤنڈ باؤلز، گونگ اور دیگر سازوں کی پرسکون آوازیں استعمال کی جاتی ہیں۔

ذاتی طور پر ایسی نشستوں میں شرکت بعض جگہوں پر مہنگی ہوسکتی ہے تاہم ان کی ریکارڈنگز مختلف آن لائن پلیٹ فارمز پر دستیاب ہیں۔ انہیں گھر میں پرسکون ماحول میں سنا جاسکتا ہے۔

ماہرین کے مطابق آن لائن ریکارڈنگز کے معیار میں فرق ہوسکتا ہے اس لیے بہتر ہے کہ تجربہ کار ماہرین یا مستند اداروں کی تیار کردہ ریکارڈنگز کا انتخاب کیا جائے۔

مزید پڑھیں: ہائی بلڈ پریشر سے بچاؤ کے لیے ہفتے میں کتنے گھنٹے ورزش کرنا ضروری ہے؟

اگر کوئی شخص ہیڈ فون لگا کر پرسکون جگہ پر لیٹے، آنکھیں بند کرے اور کچھ دیر کے لیے خود کو شور اور دیگر مصروفیات سے دور رکھے تو یہ سرگرمی اسے ذہنی طور پر پرسکون ہونے اور مراقبے کی کیفیت اختیار کرنے میں مدد دے سکتی ہے۔

اصل راز مستقل مزاجی ہے

ماہرین کے مطابق صحت اور ذہنی سکون کے لیے سب سے اہم چیز مہنگی سہولیات حاصل کرنا نہیں بلکہ ایسی سرگرمی کا انتخاب کرنا ہے جسے انسان مستقل طور پر جاری رکھ سکے۔

روزانہ کچھ وقت پیدل چلنے، فطرت میں گزارنے، باغبانی، کسی پسندیدہ مشغلے یا مراقبے کے لیے نکالنا طویل مدت میں صحت مند طرز زندگی کا حصہ بن سکتا ہے۔

یہ بھی پڑھیے: خواتین ورزش کرنے والے مردوں کے مقابلے میں دل کی بیماریوں کا خطرہ دوگنا کم کرسکتی ہیں

یعنی صحت مند رہنے کے لیے ضروری نہیں کہ جیب پر بوجھ ڈالا جائے کیوں کہ کئی مؤثر سرگرمیاں ہمارے گھر، محلے اور اردگرد کے ماحول میں ہی موجود ہوتی ہیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

تازہ ترین

پیٹرول اور ڈیزل مزید مہنگا، حکومت نے 25 اگست کے لیے نئی قیمتوں کا اعلان کردیا

برطانیہ میں سالمونیلا پھیلنے کا خدشہ، علامات، علاج اور بچاؤ کے طریقے

امریکی یونیورسٹیوں کی غیرملکی طلبہ کو 15 ستمبر سے قبل امریکا واپس پہنچنے کی ہدایت

معاشی تنہائی یا عالمی معیشت میں شمولیت، امریکا کا ایران کو سخت پیغام

اسلام آباد کے قریب ہزار سال پرانے گکھڑ دور کے تاریخی مقامات سیاحوں کے لیے کھول دیے گئے

ویڈیو

فیلڈ مارشل دنیا کو تباہی سے بچانے کے مشن پر، ن لیگ اور پیپلز پارٹی کی راہیں جدا؟ مولانا کا یہودی ایجنٹ سے غیر فطری اتحاد

جیل رولز کسی بھی قیدی کو پرائیویٹ اسپتال سے علاج کی اجازت نہیں دیتے: سینیئر وکلا

بلوچستان کا طالب علم اے آئی کی مدد سے انسانوں کو نئی زندگی فراہم کرے گا؟

کالم / تجزیہ

کیا شہباز حکومت توہینِ عدالت کے ’جرم‘ میں گھر جا سکتی ہے؟

گر آنکھ چھلک پڑے تو …… معاف کرنا

سفید جادو، مثبت اور مددگار