وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف گلوبل سسٹین ایبلٹی لیڈرشپ ایوارڈ کے لیے نامزد

منگل 25 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعلیٰ پنجاب مریم نواز شریف کو ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے ڈیٹا پر مبنی حکمت عملی اور پائیدار سماجی و اقتصادی ترقی کے فروغ کے لیے ٹیکنالوجی سے فعال طرز حکمرانی کے اعتراف میں گلوبل سسٹین ایبلٹی لیڈرشپ ایوارڈ کے لیے نامزد کیا گیا ہے۔

سوئٹزرلینڈ میں قائم گلوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ ہر سال دنیا بھر میں پائیداری کے شعبے میں قائدانہ کردار ادا کرنے والی شخصیات کو اعزازات سے نوازتا ہے۔

ٹرسٹ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کی قیادت میں پنجاب حکومت کی جانب سے ماحولیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے، ماحول کے تحفظ، جنگلی حیات کے تحفظ، جنگلات، ماحولیاتی نظام کی بحالی اور مختلف شعبوں میں فضائی معیار کی بہتری کے لیے کیے گئے اقدامات کو سراہا ہے۔

ٹرسٹ نے خاص طور پر ماحولیاتی چیلنجز سے نمٹنے کے لیے ڈیجیٹل جدت، ڈیٹا پر مبنی پالیسی سازی اور ٹیکنالوجی سے فعال طرز حکمرانی کے استعمال کو سراہا، جس کا مقصد پائیدار ترقی کے ساتھ ساتھ عوامی خدمات کی فراہمی کو بہتر بنانا ہے۔

ان اقدامات کے اعتراف میں گلوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ نے وزیراعلیٰ مریم نواز شریف کو 2026 نوبل سسٹین ایبلٹی ٹرسٹ سمٹ اور ایوارڈ تقریب میں بطور مہمانِ خصوصی شرکت کی دعوت دی ہے۔ یہ تقریب 30 نومبر 2026 کو ہانگ کانگ میں منعقد ہوگی۔

یہ نامزدگی پنجاب کے موسمیاتی اور ماحولیاتی اقدامات کو عالمی سطح پر پائیداری کے تناظر میں اجاگر کرتی ہے اور موسمیاتی تبدیلیوں سے نمٹنے کے لیے مضبوط معاشروں کی تشکیل اور پائیدار ترقی کے فروغ میں ڈیجیٹل ٹیکنالوجی اور ڈیٹا پر مبنی طرز حکمرانی کے بڑھتے ہوئے کردار کو نمایاں کرتی ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp