پیپلز پارٹی کے سینئر رہنما سید خورشید احمد شاہ نے عید میلاد النبی ﷺ کے موقع پر اپنے پیغام میں کہا ہے کہ عید میلاد النبی ﷺ پوری امت مسلمہ کے لیے خوشی اور مسرت کی نوید ہے۔
اپنے پیغام میں خورشید احمد شاہ کا کہنا تھا کہ نبی پاک ﷺ سے محبت کا تقاضا ہے کہ ہم بطور امتِ رسول ﷺ اپنے اندر اتحاد، یکجہتی اور باہمی ہم آہنگی کو فروغ دیں۔
انہوں نے کہا کہ نبی کریم ﷺ کی تعلیمات پر عمل پیرا ہو کر وطن عزیز کو امن، ترقی اور انصاف کا گہوارہ بنایا جا سکتا ہے۔
سید خورشید احمد شاہ نے کہا کہ عید میلاد النبی ﷺ کا دن ہمیں نبی پاک ﷺ کی تعلیمات کے مطابق زندگی گزارنے کے عہد کی بھی یاد دہانی کراتا ہے۔
‘ہمیں چاہیے کہ نبی اکرم ﷺ کی ہدایات اور اسوۂ حسنہ پر عمل کو اپنی زندگیوں کا شعار بنائیں۔’
انہوں نے کہا کہ رسول اکرم ﷺ کی تعلیمات پر حقیقی معنوں میں عمل کرکے ہم اپنی انفرادی اور اجتماعی زندگی میں مثبت اور انقلابی تبدیلی لا سکتے ہیں۔
‘اتحاد، اخوت، انصاف اور انسانیت کی خدمت کو فروغ دے کر معاشرے کو بہتر بنایا جا سکتا ہے۔’













