وزن کم کرنے کی جدید جی ایل پی-1 ادویات کے استعمال سے تیزی سے وزن گھٹانے کے بعد امریکا میں مردوں کی بڑی تعداد لٹکتی جلد، چہرے کی لچک ختم ہونے اور بالوں کے جھڑنے سے نمٹنے کے لیے کاسمیٹک کلینکس کا رخ کر رہی ہے۔
امریکن سوسائٹی آف پلاسٹک سرجنز کے مطابق 2026 کی پہلی سہ ماہی میں سرجری کروانے والے 70 فیصد مرد ماضی میں وزن کم کرنے کی ادویات استعمال کر چکے تھے۔
یہ نیا رجحان مردانہ خوبصورتی کے روایتی تصورات کو بدلتے ہوئے کاسمیٹک انڈسٹری اور فارماسیوٹیکل کمپنیوں کے لیے اربوں ڈالر کے نئے مواقع پیدا کر رہا ہے۔
وزن گھٹ گیا مگر چہرے کی رونق ختم
نیوجرسی کے 57 سالہ ٹیک ماہر مارک نے پہلے ویگووی اور پھر زیپ باؤنڈ جیسی ادویات کے ذریعے 50 پاؤنڈ (23 کلوگرام) وزن کم کیا۔
تاہم وزن کم ہونے کے ساتھ ان کے چہرے کی فربہی اور چمک ختم ہو گئی۔ انہوں نے بتایا کہ ‘میں پتلا تو ہو گیا اور خود کو بہتر محسوس کرنے لگا لیکن آئینے میں دیکھنے پر چہرے کا حجم غائب نظر آتا تھا’۔ اس کے بعد اپریل میں انہوں نے چہرے کے پٹھوں اور چربی کو دوبارہ درست مقام پر لانے کے لیے ڈیپ پلین فیس لفٹ سرجری کروائی۔
یہ بھی پڑھیں:وزن کم کرنے والی ادویات لینے سے پہلے کیا جاننا ضروری ہے؟
اسی طرح کیلیفورنیا کے 45 سالہ ٹرک ڈرائیور والٹر بیرینٹوس نے ایلی للی کی تجرباتی دوا ریٹاٹروٹائیڈ کے کلینیکل ٹرائل میں شامل ہو کر 65 پاؤنڈ وزن کم کیا۔
انہوں نے جولائی میں ٹمی ٹک (شکم کی سرجری) اور لائپو سیکشن کروائی تاکہ وہ ساحل یا سوئمنگ پول پر اعتماد سے جا سکیں۔ نیویارک کے 27 سالہ کاروباری شخص محمد وراد نے جی ایل پی-1 ادویات کے بعد جسمانی تناسب برقرار نہ رہنے پر ایئر اسکلپٹ سرجری کا سہارا لیا۔
سرجریز کی طلب میں غیر معمولی اضافہ اور اعداد و شمار
گڈ آر ایکس کے اعداد و شمار کے مطابق 2026 میں وزن کم کرنے والی ادویات کے نسخوں میں مردوں کا تناسب 28.3 فیصد رہا، جو 4 سال پہلے صرف 18.3 فیصد تھا۔
امریکن سوسائٹی آف پلاسٹک سرجنز کے ڈیٹا سے معلوم ہوتا ہے کہ 2024 میں مردوں نے 1.7 ملین کاسمیٹک طریقہ ہائے علاج کروائے، جو پچھلے سال کے مقابلے میں 2.7 فیصد زیادہ ہیں۔
ان میں 98,000 سے زیادہ سرجریز شامل تھیں جن میں پلکوں کی سرجری، لائپو سیکشن اور ٹمی ٹک سر فہرست رہیں۔
میامی کے معروف پلاسٹک سرجن ڈاکٹر ریان مارکس کے مطابق ان کے مریضوں میں اب 60 فیصد تعداد مردوں کی ہے، جو پچھلے سال 30 سے 40 فیصد تھی۔
اسی طرح نیویارک کے سرجن ڈاکٹر شان علیمی نے بتایا کہ پچھلے 1 سے 2 سالوں میں ان کے پاس آنے والے مردانہ مریضوں کی تعداد دگنی ہو چکی ہے جن میں اکثریت جی ایل پی-1 تھراپی کی مدد سے وزن گھٹانے والوں کی ہے۔
باہمی تعلق اور علاج کے بھاری اخراجات
ڈاکٹروں کے مطابق نوجوان مرد زیادہ تر لٹکتی جلد ختم کروانے اور باڈی کی ساخت بہتر بنانے کے لیے آتے ہیں، جبکہ پختہ عمر کے مرد چہرے اور گردن پر بڑھاپے کے اثرات کو دور کرنے کے خواہش مند ہوتے ہیں۔
مزید پڑھیں:وزن کم کرنے والی ادویات کا غیر محتاط استعمال صحت کے سنگین مسائل کھڑے کرتا ہے، ماہرین
بیورلی ہلز کے سرجن ڈاکٹر مائیکل امیدی کا کہنا ہے کہ وہ سرجری کا مشورہ تب دیتے ہیں جب کوئی مسئلہ مریض کو روزانہ کی بنیاد پر پریشان کرے۔
یہ کاسمیٹک طریقہ ہائے علاج کافی مہنگے ہیں اور انشورنس ان کا خرچ برداشت نہیں کرتی۔ امریکن سوسائٹی کے مطابق مردوں میں چیسٹ ریڈکشن سرجری کی اوسط فیس 5,000 سے 9,000 ڈالر ہے۔
جبکہ فیس لفٹ کے اخراجات 19,000 ڈالر تک جا سکتے ہیں، جس میں اینستھیزیا اور آپریشن روم کے اخراجات شامل نہیں ہوتے۔ اس کے باوجود مریض اپنے نتائج پر مطمئن نظر آتے ہیں۔
بالوں کے گرنے کی پیش رفت اور کمپنیوں کی بھاری سرمایہ کاری
یو سی ایل اے ہیلتھ کی ڈرمیٹولوجسٹ ڈاکٹر ڈلیلا فولاد کے مطابق تیزی سے وزن کم ہونے کی وجہ سے جسمانی تناؤ پیدا ہوتا ہے جو عارضی طور پر بالوں کے شدید جھڑنے کا سبب بنتا ہے۔ اس کے علاج کے لیے ڈاکٹرز پی آر پی انجیکشنز، منوکسڈل یا دیگر علاج استعمال کر رہے ہیں۔
اس بڑھتی ہوئی طلب کو دیکھتے ہوئے پیلیج، ویرا ڈرمکس اور کوسمو این وی جیسی کمپنیاں گنجپن کے نئے علاج تیار کر رہی ہیں۔
جون میں ایلی للی کے ایک گروپ نے بالوں کے گرنے کو روکنے والی اینٹی باڈی پر تحقیق کے لیے ایبسی کمپنی میں 100 ملین ڈالر کی سرمایہ کاری کی ہے۔
یہ بھی پڑھیں:وزن کم کرنے کے انجیکشن بال جھڑنے کا سبب بن سکتے ہیں، نئی تحقیق میں اہم انکشاف
کوسمو کے سی ای او جیووانی ڈی ناپولی کا کہنا ہے کہ جو مرد خوبصورت دکھنے کے لیے وزن گھٹا رہا ہے، وہ اپنے بالوں کی صحت اور خوبصورتی برقرار رکھنے میں بھی شدید دلچپسی رکھتا ہے۔
جدید ادویات اور مردانہ رویوں میں تبدیلی
ماضی میں پلاسٹک سرجری اور کاسمیٹک علاج کو زیادہ تر خواتین سے منسوب کیا جاتا تھا، تاہم جدید جی ایل پی-1 ادویات کے بازار میں آنے اور سوشل میڈیا کی مقبولیت نے مردوں میں اس سوچ کو تبدیل کر دیا ہے۔
جب شدید موٹاپے کا شکار شخص 50 سے 80 پاؤنڈ وزن کم کرتا ہے، تو اس کے جسم پر پرانے وزن کی بقیہ علامات اور لٹکتی جلد باقی رہ جاتی ہے، جسے ختم کرنے کے لیے مرد اب بلا جھجھک کاسمیٹک سرجنز سے رجوع کر رہے ہیں۔
ماہرین کے مطابق بازار میں وزن کم کرنے والی مزید نئی گولیوں کی آمد کے ساتھ مردانہ کاسمیٹک انڈسٹری میں یہ رجحان آنے والے سالوں میں مزید تقویت اختیار کرے گا۔














