’آپ جیکولین سے حسد کرتی تھیں‘، سکیش چندر شیکھر کا نورا فتیحی کے نام خط وائرل

ہفتہ 29 اگست 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

بھارتی اداکارہ نورا فتیحی اور جیل میں قید فراڈ کیس کے ملزم سکیش چندر شیکھر کے درمیان مبینہ تعلقات کا معاملہ ایک بار پھر خبروں میں آگیا ہے۔ سکیش کا نورا کے نام ہاتھ سے لکھا ہوا خط سوشل میڈیا پر گردش کر رہا ہے، جس میں اس نے نورا پر کئی سنگین الزامات عائد کیے ہیں۔

بھارتی میڈیا کے مطابق یہ خط ایسے وقت میں سامنے آیا ہے جب چند روز قبل نورا فتیحی نے سکیش کے ساتھ نام جوڑے جانے کے باعث پہنچنے والے جذباتی صدمے کے بارے میں بات کی تھی۔

این ڈی ٹی وی کے مطابق سکیش چندر شیکھر کے ہاتھ سے لکھے گئے خط کی صداقت کی تصدیق کی گئی ہے، تاہم خط میں کیے گئے دعووں اور الزامات کی آزادانہ طور پر تصدیق نہیں ہوسکی۔

خط میں سکیش نے دعویٰ کیا کہ اس نے نورا کو مراکش کے شہر کاسابلانکا میں گھر خریدنے میں مدد کے لیے کروڑوں روپے دیے تھے۔ اس نے نورا کو چیلنج بھی کیا کہ وہ اس دور کی دونوں کے درمیان ہونے والی مبینہ گفتگو سامنے لے آئیں۔

سکیش نے مبینہ واٹس ایپ گفتگو کا حوالہ دیتے ہوئے دعویٰ کیا کہ نورا اس کی شناخت اور اثرورسوخ سے واقف تھیں اور ان کے درمیان مہنگی گاڑیوں اور قیمتی اشیا کے بارے میں بات ہوتی تھی۔ اس نے خاص طور پر ’برکن‘ بیگز، بی ایم ڈبلیو اور رینج روور کا ذکر کیا۔

خط میں سکیش نے نورا اور اداکارہ جیکولین فرنینڈس کے ساتھ اپنے تعلقات کا بھی ذکر کیا۔ اس کا دعویٰ تھا کہ نورا اس کے جیکولین کے ساتھ تعلق سے خوش نہیں تھیں اور اسے بار بار فون کرتی تھیں۔

یہ بھی پڑھیں:یوگا نے میری زندگی کیسے بدل ڈالی؟ بالی ووڈ اداکارہ جیکولین فرنینڈز نے راز بتادیا

سکیش نے خط میں الزام لگایا کہ نورا اسے روزانہ کئی مرتبہ فون کرکے جیکولین کو چھوڑنے پر زور دیتی تھیں اور چاہتی تھیں کہ وہ ان کے اخراجات بھی اٹھائے۔

خط کے آخر میں سکیش نے نورا کو خبردار کرتے ہوئے لکھا کہ ’مجھے اشتعال نہ دلائیں۔‘ اس نے مبینہ طور پر اپنے پاس موجود ’باقی ثبوت‘ منظرعام پر لانے کی دھمکی بھی دی۔

سکیش نے مزید دعویٰ کیا کہ اگر وہ یہ مبینہ شواہد عوام کے سامنے لے آیا تو نورا کی ساکھ کو نقصان پہنچ سکتا ہے اور کوئی بھی ’پی آر‘ مہم انہیں اس کے اثرات سے نہیں بچا سکے گی۔

نوارا فتحی

سکیش چندر شیکھر 200 کروڑ روپے کے منی لانڈرنگ کیس میں ملزم ہے اور ماضی میں بھی کئی معروف شخصیات کے حوالے سے مختلف دعوے کرچکا ہے۔

دوسری جانب نورا فتیحی ماضی میں سکیش سے متعلق الزامات کی تردید کرچکی ہیں اور ان کا مؤقف رہا ہے کہ وہ اس معاملے میں خود متاثرہ فریق تھیں۔

یوں سکیش کے تازہ خط نے نورا فتیحی، جیکولین فرنینڈس اور سکیش کے درمیان ماضی کے تعلقات سے متعلق بحث کو ایک بار پھر بھارتی میڈیا اور سوشل میڈیا پر نمایاں کردیا ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp