روس کے شہر کازان میں جاری ‘ہاکی نیشنز کپ 2026’ میں پاکستان وائٹ ہاکی ٹیم نے شاندار کھیل پیش کرتے ہوئے بیلاروس انڈر 21 کو 1-4 سے شکست دے کر ٹورنامنٹ میں اپنی پہلی فتح درج کر لی ہے۔
اس سے قبل افتتاحی میچ میں قومی ٹیم نے بیلاروس سینیئر کے خلاف بھی بھرپور مزاحمت کرتے ہوئے میچ 4-4 سے ڈرا کیا تھا۔
کازان فیلڈ ہاکی سینٹر میں کھیلے گئے اس اہم میچ میں پاکستانی کھلاڑیوں نے ابتدا ہی سے جارحانہ حکمتِ عملی اپنائی اور حریف ٹیم کو مکمل دباؤ میں رکھا۔
یہ بھی پڑھیں:اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ: پاکستان 13 سال بعد فائنل میں پہنچ گیا
قومی ٹیم کے ابوزر، یاسر خان، سعد اور تیمور نے بہترین مووز بناتے ہوئے ایک ایک گول اسکور کیا اور پاکستان کی اس شاندار کامیابی میں کلیدی کردار ادا کیا، جس کے باعث بیلاروس انڈر 21 کی ٹیم کو سنبھلنے کا کوئی موقع نہیں ملا۔
ایونٹ میں پاکستان وائٹ کا آغاز خاصا متاثر کن رہا ہے، جہاں پہلے میچ میں ان کا ٹکراؤ بیلاروس کی سینیئر ٹیم سے ہوا تھا۔ اس سنسنی خیز اور کانٹے دار مقابلے میں نوجوان پاکستانی کھلاڑیوں نے سینیئر حریف ٹیم کا ڈٹ کر مقابلہ کیا اور میچ 4-4 گول کی برابری پر ختم ہوا۔
اس افتتاحی میچ میں ابوزر، عثمان اشرف، سعد اور یاسر خان نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر اپنی صلاحیتوں کا لوہا منوایا تھا۔
ہیڈ کوچ اولمپین کامران اشرف کی زیرِ نگرانی قومی ٹیم کے حوصلے اس فتح کے بعد مزید بلند ہو چکے ہیں اور وہ آئندہ کڑے مقابلوں کے لیے تیار ہیں۔
مزید پڑھیں:اذلان شاہ ہاکی ٹورنامنٹ میں پاکستان کی مسلسل دوسری کامیابی، جنوبی کوریا کو 0-4 سے شکست دیدی
ٹورنامنٹ کے شیڈول کے مطابق پاکستان وائٹ کی ٹیم 30 اگست کو ایک بار پھر بیلاروس کے مدِ مقابل ہو گی، جس کے بعد 31 اگست کو اس کا ٹکراؤ سمرقند سٹی سے ہو گا۔
ایونٹ کے ایک اور انتہائی اہم میچ میں قومی ٹیم یکم ستمبر کو میزبان روس کی قومی ٹیم کے خلاف میدان میں اترے گی۔













