وفاقی وزیر توانائی اویس لغاری اور وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہا ہے کہ خطے کی موجودہ صورتحال کے باعث توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں، جبکہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش کے باعث موجودہ لوڈشیڈنگ کا سامنا ہے۔ عوام چند دن کی مشکل برداشت کریں، حکومت انہیں مہنگی بجلی سے بچانے کی کوشش کررہی ہے۔
رات کے اوقات میں بجلی کی طلب بڑھنے پر لوڈ مینجمنٹ کی گئی: اویس لغاری
اسلام آباد میں گفتگو کرتے ہوئے اویس لغاری نے کہاکہ رات کے اوقات میں بجلی کی طلب میں اضافے کے باعث لوڈ مینجمنٹ کی گئی۔ وزیراعظم نے واضح ہدایات دی ہیں کہ بجلی کی قیمتوں میں اضافہ نہیں ہونا چاہیے۔
مزید پڑھیں: وزیراعظم کی زیر صدارت توانائی کمیٹی کا اجلاس، قومی بجلی منصوبے میں ترامیم کی منظوری
انہوں نے کہاکہ موجودہ لوڈشیڈنگ کی وجہ ایران امریکا جنگ اور آبنائے ہرمز کی بندش ہے۔ چند دن کی مشکل برداشت کریں، عوام کو مہنگی بجلی سے بچا رہے ہیں۔
وفاقی وزیر توانائی نے کہاکہ اسپاٹ مارکیٹ سے مہنگی گیس خرید کر بجلی پیدا کرنا ممکن ہے، تاہم مہنگی گیس خریدنے سے بجلی 5 سے 6 روپے فی یونٹ مہنگی ہوگی۔
انہوں نے کہاکہ ڈیزل اور کوئلے سے چلنے والے بجلی پلانٹس فعال ہیں جبکہ شمال سے جتنی بجلی آسکتی ہے، سسٹم میں آ رہی ہے۔
اویس لغاری نے کہاکہ حیدرآباد سمیت کئی علاقوں میں لوڈشیڈنگ کی ضرورت نہیں، تاہم بجلی چوری والے علاقوں میں لوڈشیڈنگ جاری ہے، گرمی اور حبس کے باعث عوام لوڈشیڈنگ زیادہ محسوس کررہے ہیں۔
’گیس کا مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں‘
اویس لغاری نے کہاکہ گیس کا مسئلہ جلد حل کرنے کی کوشش کررہے ہیں۔ قطر کی گیس آبنائے ہرمز سے نکالنے کی کوشش جاری ہے، گیس کا مسئلہ حل ہوتے ہی لوڈشیڈنگ میں بہتری آئے گی۔
انہوں نے بتایا کہ آر ایل این جی کی پروویژن ختم ہونے پر لوکل گیس بجلی صارفین کے لیے ڈائیورٹ کی گئی۔ بجلی صارفین کو بہتر ریٹس پر گیس فراہم کی گئی اور مہنگائی کا اثر کم کرنے کی کوشش کی گئی۔
اویس لغاری نے کہاکہ گیس صارفین کی مشکلات کا احساس ہے، آسانیاں پیدا کرنے کی کوشش کریں گے۔ بجلی صارفین کی مدد پر متعلقہ اداروں کے مشکور ہیں۔
انہوں نے کہاکہ صارفین کے تعاون اور برداشت کو سلام پیش کرتے ہیں۔
توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں، علی پرویز ملک
اس موقع پر وفاقی وزیر مملکت برائے پیٹرولیم علی پرویز ملک نے کہاکہ خطے کی صورتحال کے باعث توانائی کی منڈیاں شدید مشکلات کا شکار ہیں۔
انہوں نے کہاکہ عوام کو پیٹرولیم مصنوعات پر 130 ارب روپے کی سبسڈی دی گئی۔ وزارت توانائی اور پیٹرولیم ڈویژن نے توانائی کی سپلائی کے لیے ہر ممکن کوششیں کیں۔
’ہنگامی بنیادوں پر ایل این جی درآمد کی جائے گی‘
علی پرویز ملک نے کہاکہ عوام کی مشکلات ختم کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر ایل این جی درآمد کی جائے گی۔
انہوں نے کہاکہ پیٹرولیم ڈویژن گیس کی قلت دور کرنے کے لیے اسپاٹ مارکیٹ سے خریداری کو تیار ہے۔
مزید پڑھیں: حکومت کا بجلی کی 3 بڑی تقسیم کار کمپنیوں کی نجکاری کا عمل تیز کرنے کا فیصلہ
علی پرویز ملک نے کہا کہ بجلی اور گیس بحران کے خاتمے کے لیے وزارت پیٹرولیم اپنا بھرپور کردار ادا کرے گی۔
انہوں نے کہاکہ توانائی کی بلاتعطل فراہمی یقینی بنانے کے لیے تمام ممکنہ وسائل بروئے کار لائے جائیں گے۔













