پنجاب کی وزیر اطلاعات عظمیٰ بخاری کی صاحبزادی ڈاکٹر ودیعت فاطمہ نے سی ایس ایس 2026 کے تحریری امتحان میں کامیابی حاصل کرلی۔
ڈاکٹر ودیعت فاطمہ کی کامیابی پر سیاسی و سماجی شخصیات، عزیز و اقارب، دوستوں اور دیگر خیر خواہوں کی جانب سے انہیں مبارکباد دینے کا سلسلہ جاری ہے۔
مزید پڑھیں: سی ایس ایس امتحان میں کشمیری خواتین کی شاندار کامیابی، مرد امیدوار پیچھے رہ گئے
پنجاب کے وزیر تعلیم رانا سکندر حیات نے ڈاکٹر ودیعت فاطمہ سمیت سی ایس ایس کے تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے تمام امیدواروں کو مبارکباد پیش کی۔
ان کا کہنا تھا کہ سی ایس ایس جیسے مشکل امتحان میں کامیابی امیدواروں کی محنت، عزم اور ثابت قدمی کا نتیجہ ہے۔
رانا سکندر حیات نے کہا کہ پاکستان کو باصلاحیت اور پُرعزم نوجوانوں کی ضرورت ہے، جبکہ سی ایس ایس میں کامیابی ملک و قوم کی خدمت کے ایک نئے سفر کا آغاز ہے۔
دوسری جانب عظمیٰ بخاری نے اپنی بیٹی کی کامیابی پر مبارکباد دینے والے تمام افراد کا شکریہ ادا کرتے ہوئے کہا کہ ودیعت فاطمہ کی کامیابی مسلسل محنت، لگن اور عزم کا ثمر ہے۔
سی ایس ایس 2026 میں کامیابی کا تناسب صرف 2.74 فیصد
وفاقی پبلک سروس کمیشن کے اعداد و شمار کے مطابق CSS 2026 کے تحریری امتحان کے لیے مجموعی طور پر 24 ہزار 321 امیدواروں نے درخواستیں جمع کرائیں، جبکہ 17 ہزار 351 امیدوار کم از کم ایک پرچے میں شریک ہوئے۔
اعداد و شمار کے مطابق تحریری امتحان میں صرف 476 امیدوار کامیاب ہوسکے۔ کامیاب امیدواروں میں 239 مرد اور 237 خواتین شامل ہیں، جبکہ کامیابی کی مجموعی شرح محض 2.74 فیصد رہی۔
مزید پڑھیں: بونیر: نائب قاصد کے بیٹے نے سی ایس ایس میں پہلی پوزیشن کیسے حاصل کی؟
تحریری امتحان میں کامیاب ہونے والے امیدوار اب سی ایس ایس کے مزید مراحل سے گزریں گے، جن میں طبی معائنہ، نفسیاتی جائزہ اور انٹرویو یعنی وائیوا شامل ہیں۔
سی ایس ایس امتحان وفاقی پبلک سروس کمیشن کے زیر اہتمام منعقد کیا جاتا ہے، جس کے ذریعے کامیاب امیدواروں کو پاکستان کی مختلف سول سروسز کے گروپس میں بھرتی کیا جاتا ہے۔














