پنجاب پولیس انٹرن شپ پروگرام کے 14ویں بیچ کی اختتامی تقریب سنٹرل پولیس آفس لاہور میں ہوئی، جس میں آئی جی پنجاب عبدالکریم اور سینئر پولیس افسران نے انٹرن شپ مکمل کرنے والے طلبہ و طالبات میں اسناد تقسیم کیں۔
ترجمان پنجاب پولیس کے مطابق پنجاب یونیورسٹی کے 38 اور گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کے 27 طلبہ و طالبات نے انٹرن شپ پروگرام میں حصہ لیا۔ طلبہ و طالبات کو 5 گروپس میں تقسیم کرکے پنجاب پولیس کی مختلف برانچز میں 5 ہفتوں کے لیے اٹیچ کیا گیا۔
یہ بھی پڑھیں:’پنجاب پولیس پاکستان ایپ‘ گمشدہ دستاویزات کی رپورٹ اب گھر بیٹھے ممکن
انٹرن شپ کے دوران طلبہ و طالبات نے کاؤنٹر ٹیررازم ڈیپارٹمنٹ (سی ٹی ڈی)، اسپیشل برانچ، سیف سٹیز اتھارٹی، انویسٹی گیشن اور آئی ٹی برانچز میں عملی تجربہ حاصل کیا جبکہ شرکا نے دورانِ انٹرن شپ حاصل ہونے والے تجربات پر مبنی پریزنٹیشن رپورٹس بھی پیش کیں۔

آئی جی پنجاب عبدالکریم نے کہا کہ انٹرن شپ کے دوران حاصل ہونے والا تجربہ طلبہ و طالبات کی کیریئر ڈویلپمنٹ میں معاون ثابت ہوگا۔ پنجاب پولیس تعلیم و تحقیق کے کلچر کو فروغ دینے کے لیے طلبہ و طالبات کو انٹرن شپ کے مواقع فراہم کررہی ہے۔
طلبہ و طالبات نے پولیس کی ورکنگ اور فیلڈ چیلنجز کو قریب سے دیکھنے اور سیکھنے کا موقع فراہم کرنے پر آئی جی پنجاب کا شکریہ ادا کیا۔
یہ بھی پڑھیں:پنجاب پولیس اہلکاروں کی ’خدمت والی فرمائش‘ پوری نہیں کر سکتے، انہیں واپس بھیجا جائے، چیئرمین داخلہ کمیٹی
تقریب میں ایڈیشنل آئی جی ٹریننگ عاصم گلزار، ڈی آئی جی ٹریننگ منیر احمد ضیا راؤ، ڈی آئی جی آر اینڈ ڈی انعام وحید، اے آئی جی ٹریننگ سمیت دیگر افسران نے شرکت کی۔ گورنمنٹ کالج یونیورسٹی کی ڈائریکٹر انسٹیٹیوٹ اکیڈمک پلاننگ اینڈ ایکسٹرنل لنکس ڈاکٹر فوزیہ شاہین، کوآرڈینیٹر فرانزک کیمسٹری ڈاکٹر سدرہ فرید اور پنجاب یونیورسٹی کی ریسرچ آفیسر روحمہ شہزاد بھی تقریب میں موجود تھیں۔














