بھارتی ریاست مہاراشٹرا کے ضلع ستارا میں گرلز ہاسٹل کی تیسری منزل سے گرنے کے نتیجے میں 19 سالہ طالبہ ہلاک ہوگئی۔
پولیس نے واقعے کی تحقیقات شروع کردی ہیں جبکہ طالبہ کے سامان سے مبینہ خودکشی کا نوٹ بھی برآمد ہوا ہے۔
پولیس کے مطابق جاں بحق ہونے والی طالبہ کی شناخت سریشٹی بھانوداس برامانے کے نام سے ہوئی ہے، جو یشونت راؤ چوہان سائنس کالج میں فوڈ اینڈ ٹیکنالوجی کے دوسرے سال کی طالبہ تھی اور کالج کے گرلز ہاسٹل میں مقیم تھی۔
یہ بھی پڑھیں: شور شرابے سے تنگ بوڑھے نے پڑوسن، اس کی جوان بیٹی کو قتل کرکے خودکشی کرلی
حکام کے مطابق بدھ کی شب سریشٹی نے مبینہ طور پر دیگر افراد کو بتایا کہ وہ باتھ روم جارہی ہے، جس کے بعد وہ ہاسٹل کی عمارت کی تیسری منزل پر گئی۔
کچھ دیر بعد وہ وہاں سے نیچے گر گئی، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔
واقعے کے فوراً بعد طالبہ کو طبی امداد کے لیے اسپتال منتقل کیا گیا، تاہم وہ اسپتال پہنچنے سے قبل ہی دم توڑ گئی۔
مزید پڑھیں: لائیو اسٹریمنگ کے دوران سوشل میڈیا انفلوئنسر نے خودکشی کرلی
پولیس نے طالبہ کے سامان سے ہاتھ سے تحریر کردہ ایک نوٹ بھی برآمد کیا ہے، جسے تحقیقات کا حصہ بناتے ہوئے تحویل میں لے لیا گیا ہے۔
تاہم پولیس کا کہنا ہے کہ طالبہ کی موت کی حتمی وجہ تاحال سامنے نہیں آسکی اور نوٹ کے مندرجات سمیت تمام شواہد کا جائزہ لیا جارہا ہے۔
واقعے سے قبل ہاسٹل میں ایک شکایت بھی سامنے آئی تھی جس میں باتھ روم کی دیوار پر قابل اعتراض الفاظ لکھے جانے کی نشاندہی کی گئی تھی۔
مزید پڑھیں: خاتون کے قتل کے بعد خودکشی کا رنگ دینے کی کوشش، شوہر اور ملازم گرفتار
شکایت کے بعد ہاسٹل کمیٹی نے طالبات سے اس معاملے پر پوچھ گچھ شروع کردی تھی۔
ذرائع کے مطابق متعلقہ طالبات کے والدین کو ہاسٹل بلانے کے حوالے سے بھی انتظامیہ میں بات چیت جاری تھی۔
پولیس اس پہلو سمیت ہاسٹل میں پیش آنے والے واقعات اور طالبہ کی موت سے قبل کی صورتحال کا بھی جائزہ لے رہی ہے۔
پولیس کا کہنا ہے کہ واقعے کی مکمل تحقیقات جاری ہیں اور موت کی اصل وجہ تمام شواہد اور تحقیقات مکمل ہونے کے بعد ہی واضح ہوسکے گی۔














