پاکستان ویمنز کرکٹ ٹیم کی وکٹ کیپر اور عمدہ بیٹر منیبہ علی نے روایتی حریف بھارت کے خلاف 5 ستمبر (ہفتے) کو ہونے والے ویمنز ایشیا کپ 2026 کے ہائی وولٹیج مقابلے سے قبل بھارتی ٹیم کو خبردار کرتے ہوئے کہا ہے کہ قومی ٹیم کی جدید اور مضبوط ذہنی صلاحیت اس میچ میں فیصلہ کن ثابت ہوگی۔
یہ بھی پڑھیں: ٹی20 میں سینچری بنانے والی پہلی پاکستانی بیٹر منیبہ علی ورلڈ کپ میں بہتر کارکردگی کے لیے پرعزم
تھائی لینڈ کے خلاف شاندار فتح میں ‘پلیئر آف دی میچ’ کا ایوارڈ حاصل کرنے والی منیبہ علی نے واضح کیا کہ گرین شرٹس اب دباؤ میں بکھرنے والی ٹیم نہیں رہی بلکہ کھلاڑیوں میں شدید دباؤ اور چیلنجنگ حالات کا مقابلہ کرنے کا کامل اعتماد پیدا ہو چکا ہے۔
’دباؤ میں بھی فتح پر یقین برقرار رہا‘
دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں میچ کے بعد پریس کانفرنس کرتے ہوئے منیبہ علی نے کہا کہ پہلے جب ہماری وکٹیں گرتی تھیں تو ہم میچ میں واپس نہیں آ پاتی تھیں لیکن تھائی لینڈ کے خلاف صورتحال مختلف تھی۔ وکٹیں گرنے کے باوجود ٹیم نے صبر و تحمل کا مظاہرہ کیا اور یہ یقین برقرار رکھا کہ ہم اس پچ پر ایک قابلِ دفاع ہدف حاصل کر سکتے ہیں۔
مزید پڑھیے: ویمنز ایشیا کپ 2026: قومی خواتین ٹیم کا مردانہ اسکواڈ کے ساتھ پریکٹس میچ
تھائی لینڈ کے خلاف میچ میں پاکستان کی شروعات خراب رہی اور پاور پلے کے اندر صرف 23 رنز پر 3 وکٹیں گر گئیں۔ تاہم منیبہ علی نے 52 گیندوں پر 54 رنز کی ذمہ دارانہ اننگز کھیل کر اننگز کو سنبھالا جس کی بدولت پاکستان نے 9 وکٹوں کے نقصان پر 119 رنز بنائے۔ جواب میں پاکستانی بولرز نے بہترین کارکردگی کا مظاہرہ کرتے ہوئے تھائی لینڈ کو 84 رنز پر محدود کر کے 35 رنز سے کامیابی حاصل کی۔
بولرز کی شاندار کارکردگی اور حکمت عملی
میچ میں اسپنر نشرہ سندھو نے 4 اوورز میں صرف 6 رنز دیے جبکہ طوبیٰ حسن نے 17 رنز کے عوض 2 وکٹیں حاصل کیں۔ نشرہ سندھو کا کہنا تھا کہ انہوں نے پچ کے مزاج کو سمجھتے ہوئے درست لائن اور لینتھ پر بولنگ کی۔
مزید پڑھیں: ویمنزایشیا کپ میں پاکستان کا فاتحانہ آغاز: تھائی لینڈ کو 35 رنز سے شکست دے دی
دوسری جانب طوبیٰ حسن نے بتایا کہ ان کی حکمتِ عملی وکٹ ٹو وکٹ بولنگ اور رفتار میں تغیر لانا تھا تاکہ وہ اگلے اہم میچوں کے لیے خود کو بہترین طریقے سے تیار کر سکیں۔
پاک بھارت مقابلہ: تاریخ اور وقت
پاکستان اور بھارت کا ہائی وولٹیج میچ 5 ستمبر (ہفتہ) کو دبئی انٹرنیشنل کرکٹ اسٹیڈیم میں مقامی وقت کے مطابق شام 6:30 بجے (پاکستان کے وقت کے مطابق شام 7:30 بجے) کھیلا جائے گا۔
.@MuneebaAli17 top-scores with 54 as Pakistan post 119-9 in their 20 overs 🏏#PAKvTHA | #BackOurGirls | #AsiaCup pic.twitter.com/rDe4XABMdA
— Pakistan Cricket (@TheRealPCB) September 1, 2026
پاکستان اور بھارت کو ہانگ کانگ اور تھائی لینڈ کے ساتھ گروپ اے میں رکھا گیا ہے۔ 8 ٹیموں پر مشتمل یہ ٹورنامنٹ 28 اگست سے 13 ستمبر تک دبئی میں جاری ہے۔
یہ بھی پڑھیے: فاطمہ ثنا نے تاریخ رقم کر دی، ویمنز دی ہنڈرڈ کھیلنے والی پہلی پاکستانی کرکٹر بن گئیں
بھارتی ٹیم 7 بار ایشیا کپ کی چیمپییئن رہ چکی ہے تاہم منیبہ علی کے مطابق قومی ٹیم حریف کے شاندار ماضی سے متاثر ہوئے بغیر میدان میں اترے گی اور اپنی بہترین صلاحیتوں کا مظاہرہ کرے گی۔













