وفاقی دارالحکومت کے علاقے گلبرگ گرینز میں بنگال ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کی موجودگی نے رہائشیوں میں خوف و ہراس پھیلا دیا، سیکیورٹی انتظامیہ نے علاقے میں نگرانی بڑھاتے ہوئے شہریوں، خصوصاً بچوں کو گھروں سے باہر نہ نکلنے کی ہدایت کردی۔
بنگال ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کو گلبرگ گرینز کے بلاک بی کی گلی نمبر 15 میں دیکھا گیا، جس کے بعد رہائشیوں میں تشویش کی لہر دوڑ گئی۔ ٹائیگر اور اس کے بچوں کی تصاویر اور ویڈیوز رہائشیوں کے مختلف گروپس میں تیزی سے گردش کرنے لگیں۔
یہ بھی پڑھیں: اسلام آباد میں تین افراد کو زخمی کرنے والے تیندوے کے نامعلوم مالکان کے خلاف مقدمہ درج
گلبرگ گرینز کی سکیورٹی انتظامیہ اور رہائشیوں نے ٹائیگر کی موجودگی کی تصدیق کی، جبکہ سیکیورٹی اہلکاروں نے علاقے میں نگرانی مزید سخت کردی۔
سیکیورٹی حکام نے رہائشیوں کو پیغام کے ذریعے ہدایت کی کہ وہ گھروں میں رہیں اور کسی بھی مقام پر جانوروں کی نقل و حرکت یا موجودگی کی صورت میں فوری طور پر سیکیورٹی عملے کو اطلاع دیں۔
Following reports of a big cat in Gulberg Greens,IWMB & @CDAthecapital & @dcislamabad conducted a full search operation.
✅ No evidence found.
We’ll keep monitoring the area.
Request: Stay calm & report any wildlife sightings to relevant authorities. pic.twitter.com/A0WsCTfoKo— Islamabad Wildlife Management Board (IWMB) (@WildlifeBoard) September 3, 2026
ایک سیکیورٹی اہلکار کے مطابق ٹیمیں صورتحال پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں اور رہائشیوں کو کسی بھی ممکنہ خطرے سے محفوظ رکھنے کے لیے احتیاطی اقدامات کیے جا رہے ہیں۔
ٹائیگر کی موجودگی پر رہائشیوں نے بچوں کی حفاظت کے حوالے سے شدید تشویش کا اظہار کرتے ہوئے سوال اٹھایا کہ خطرناک جنگلی جانور آبادی والے رہائشی علاقے تک کیسے پہنچا۔
ایک رہائشی نے کہا کہ خاندان خاص طور پر بچوں کے حوالے سے انتہائی فکرمند ہیں اور کسی کو معلوم نہیں کہ ٹائیگر آئندہ کس سمت جاسکتا ہے، اسی وجہ سے لوگ گھروں میں رہنے کو ترجیح دے رہے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: تیندوا اسلام آباد وائلڈ لائف مینجمنٹ بورڈ کی تحویل میں محفوظ ہے
رہائشی سید حسنین نے رہائشی علاقوں میں خطرناک اور غیرملکی جنگلی جانور پالنے کے رجحان پر سوال اٹھاتے ہوئے کہا کہ اس واقعے کو حکام کے لیے خطرناک جانوروں کی نجی طور پر پرورش کے حوالے سے سخت ضوابط نافذ کرنے کے لیے تنبیہ سمجھنا چاہیے۔
رہائشیوں نے ایک دوسرے کو یہ بھی ہدایت کی کہ ٹائیگر کو تلاش کرنے یا اس کی تصاویر اور ویڈیوز بنانے کے لیے جائے وقوعہ کے قریب جمع نہ ہوں۔
ٹائیگر اور اس کے 2 بچوں کی موجودگی نے گنجان آبادی والے رہائشی منصوبوں میں غیرملکی اور ممکنہ طور پر خطرناک جانوروں کو نجی طور پر رکھنے سے پیدا ہونے والے خطرات کے حوالے سے بھی سوالات اٹھا دیے ہیں۔
دوسری جانب گلبرگ گرینز کے رہائشیوں کی فوری ترجیح اپنی اور اپنے بچوں کی حفاظت ہے۔ شہریوں نے گھروں اور دروازوں کو بند رکھتے ہوئے سیکیورٹی انتظامیہ کی ہدایات پر عمل شروع کردیا ہے، جبکہ سیکیورٹی ٹیمیں جانوروں کی موجودگی پر مسلسل نظر رکھے ہوئے ہیں۔
یہ بھی پڑھیں: ہنگول نیشنل پارک میں نایاب پرشین تیندوا دیکھا گیا، جنگلی حیات کے تحفظ کے لیے بڑی پیشرفت
سیسکیورٹی انتظامیہ نے رہائشیوں سے پرسکون رہنے، گھروں میں رہنے اور سیکیورٹی اہلکاروں کے ساتھ تعاون کرنے کی اپیل کی ہے۔














