عظمیٰ بخاری کا خیبر پختونخوا حکومت سے چارٹر طیارے کی تفصیلات جاری کرنے کا مطالبہ

جمعہ 4 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیر اطلاعات پنجاب عظمیٰ بخاری نے وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا کی جانب سے چارٹر طیارے کے استعمال پر سخت تنقید کرتے ہوئے کہا ہے کہ جس صوبے کے پاس سرکاری ملازمین کی تنخواہیں دینے اور گندم خریدنے کے لیے پیسے نہیں، وہاں کا وزیراعلیٰ چارٹر طیارے پر سیر کر رہا ہے۔

ایک بیان میں عظمیٰ بخاری نے کہا کہ وزیراعلیٰ خیبر پختونخوا چارٹر طیاروں پر ’اسٹریٹ موومنٹ‘ چلا رہے ہیں، جبکہ چارٹر طیارے کے ہمراہ یوٹیوبرز کی موجودگی بھی سوالات کو جنم دے رہی ہے۔ انہوں نے سوال اٹھایا کہ اس طیارے کا خرچہ خیبر پختونخوا کے عوام کو کتنے میں پڑے گا اور کیا یہ اخراجات وزیراعلیٰ اپنی جیب سے برداشت کریں گے؟

عظمیٰ بخاری نے کہا کہ جن لوگوں کو پنجاب کے جہاز کے استعمال پر تکلیف تھی، ان کا اپنا وزیراعلیٰ اب چارٹر طیاروں پر سفر کر رہا ہے۔ ان کے بقول جو جرم یہ خود کرتے ہیں، اس کا الزام دوسروں پر لگاتے ہیں۔

یہ بھی پڑھیں:انسداد دہشتگردی قانون میں ترمیم، عظمیٰ بخاری نے پنجاب حکومت کا مؤقف واضح کردیا

انہوں نے دعویٰ کیا کہ سوشل میڈیا پر جس فلائٹ نمبر اور بورڈنگ کارڈ کو دکھایا جا رہا ہے، وہ پرواز اسلام آباد سے بہاولپور جانے والی ہے، جبکہ وزیراعلیٰ جس پرواز میں گئے وہ رحیم یار خان پہنچی، جس سے ظاہر ہوتا ہے کہ یہ چارٹر فلائٹ تھی۔

عظمیٰ بخاری نے مطالبہ کیا کہ خیبر پختونخوا حکومت چارٹر طیارے میں سفر کرنے والے تمام مسافروں کی فہرست، پرواز کی ادائیگی کی رقم اور طیارے کا ٹریکنگ ڈیٹا جاری کرے۔ انہوں نے کہا کہ اب صرف زبانی جمع خرچ سے کام نہیں چلے گا۔

عظمیٰ بخاری نے طنزیہ انداز میں کہا ’رسیداں کڈو، رسیداں‘، یعنی اخراجات کی رسیدیں اور مکمل تفصیلات عوام کے سامنے لائی جائیں۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp