صوبہ سندھ میں کوٹری ریلوے اسٹیشن کے قریب کوئلے سے بھری مال گاڑی کے 8 ڈبے پٹری سے اترنے کے نتیجے میں ایک ریلوے ملازم جاں بحق اور ٹرین آپریشن معطل ہو گیا ہے۔ اس حادثے میں ہزاروں ٹن کوئلہ تباہ جبکہ ریلوے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا ہے۔
سندھ کے اہم شہر کوٹری کے ریلوے اسٹیشن پر اس وقت سنسنی پھیل گئی جب کوئلے سے لدی ایک مال گاڑی حادثے کا شکار ہو گئی۔
ریلوے حکام کے مطابق یہ حادثہ اس وقت پیش آیا جب مال گاڑی کوٹری سے حیدرآباد کی جانب رواں دواں تھی۔
یہ بھی پڑھیں:میانوالی سے لاہور جانے والی ٹرین کو حادثہ، 20 مسافر زخمی
دورانِ سفر ٹرین پر سوار ہونے والا ایک ریلوے ملازم اس حادثے میں اپنی جان کی بازی ہار گیا۔
جامشورو میں کوٹری اسٹیشن پر کوئلے سے بھری مال بردارٹرین حادثے کا شکار ،،،، اپ مین ٹریک پر گاڑی کی8 بوگیاں ٹریک سے اتر گئیں گاڑی میں سوار ایک ریلوے ملازم حادثے میں جاں بحق ہوگیا،،، کئی فٹ ریلورے ٹریک اکھڑ گئی pic.twitter.com/tDvpv7tQPP
— Sumair jamil (@sumair_shah123) September 6, 2026
ابتدائی طور پر ٹرین کے ’اپ-مین‘ ٹریک پر 8 بوگیاں اچانک پٹری سے اتر گئیں، جس سے موقع پر افراتفری مچ گئی اور ٹرین کا عملہ فوری طور پر حرکت میں آگیا۔
ریلوے انفراسٹرکچر اور کوئلے کو شدید نقصان
حادثے زور دار تھا جس سے ٹریک کو شدید نقصان پہنچا، ٹرین میں موجود مال و اسباب بھی تباہ ہوا۔ حادثے کے نتیجے میں ٹرین کے ذریعے منتقل کیا جانے والا ہزاروں ٹن کوئلہ بھی ضائع ہو گیا، جبکہ پٹری کے کئی فٹ طویل حصے اکھڑ گئے۔
اس ناگہانی صورتحال کے بعد ’اپ-مین‘ ٹریک کو مکمل طور پر بند کر دیا گیا ہے، جس کی وجہ سے ملک کے دیگر حصوں کے لیے بھی ٹرینوں کی آمدورفت معطل ہو کر رہ گئی ہے اور مسافروں کو شدید مشکلات کا سامنا ہے۔
مزید پڑھیں:مٹیاری کے قریب مال گاڑی حادثہ، اپ اور ڈاؤن ٹریک بند، ٹرین آپریشن 24 گھنٹے متاثر رہنے کا خدشہ
پاکستان کے ریلوے نیٹ ورک میں مال بردار ٹرینیں معیشت کی ریڑھ کی ہڈی کی حیثیت رکھتی ہیں، تاہم پرانے انفراسٹرکچر، سگنل کے مسائل اور دیکھ بھال کے فقدان کی وجہ سے اس طرح کے حادثات وقتاً فوقتاً سامنے آتے رہتے ہیں۔
واقعے کے فوراً بعد ریلوے حکام اور عملے نے ہیوی مشینری کے ساتھ جائے وقوعہ کا رخ کیا اور متاثرہ ٹریک کو بحال کرنے کے لیے ہنگامی بنیادوں پر کام شروع کر دیا۔
حکام کا کہنا ہے کہ ٹریک سے اتری ہوئی بوگیوں کو ہٹانے اور ٹرین آپریشن کو جلد از جلد بحال کرنے کے لیے ریسکیو آپریشن تیزی سے جاری ہے۔














