امریکی ریاست فلوریڈا کے ہرنانڈو کاؤنٹی میں ممنوعہ علاقے میں تیراکی کے دوران مگرمچھ کے حملے سے ایک بچہ زخمی ہوگیا، جسے فوری طور پر اسپتال منتقل کردیا گیا۔
ہرنانڈو کاؤنٹی شیرف آفس کے مطابق واقعہ پیر کی سہ پہر ویکی واچی پریزرو میں پیش آیا، جہاں بچے پر اندازاً 9 سے 12 فٹ لمبے مگرمچھ نے حملہ کیا۔
متاثرہ بچے کی شناخت ظاہر نہیں کی گئی تاہم حملے کے نتیجے میں اس کے بازو اور ٹانگ پر گہرے زخم آئے۔
یہ بھی پڑھیں: سکھر، کپڑے دھوتی خاتون پر مگرمچھ کا حملہ، شوہر نے کود کر جان بچالی
حملے کے بعد زخمی بچہ اور اس کے ساتھ موجود کئی دیگر افراد ایک ریتلے ٹیلے پر پھنس گئے اور محفوظ طریقے سے خشکی تک واپس نہیں پہنچ سکے۔
اطلاع ملنے پر ہرنانڈو کاؤنٹی فائر ریسکیو، شیرف آفس اور فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن کی ٹیمیں موقع پر پہنچ گئیں۔
فائر ریسکیو کی اسپیشل آپریشنز میرین یونٹ ایئر بوٹ کے ذریعے متاثرین تک پہنچی، انہیں بحفاظت وہاں سے نکالا اور زخمی بچے کو ابتدائی طبی امداد فراہم کی۔
A child was taken to the hospital after being bitten by a 9- to 12-foot alligator while swimming at Weeki Wachee Preserve on Monday, according to the Hernando County sheriff's office. https://t.co/8ILUNqsVxy pic.twitter.com/8iqiJNST5I
— Tampa Bay 28 (@tampabay28) September 7, 2026
بعد ازاں بچے کو مزید علاج کے لیے بیونیٹ پوائنٹ اسپتال منتقل کردیا گیا۔ حکام کے مطابق بچے کی حالت خطرے سے باہر ہے۔
فلوریڈا کے ایک وائلڈ لائف ماہر کرسٹوفر جِلٹ نے واقعے پر گفتگو کرتے ہوئے کہا کہ ریاست میں تقریباً 13 لاکھ مگرمچھ پائے جاتے ہیں، اس لیے لوگوں کو صرف مخصوص اور محفوظ مقامات پر ہی تیراکی کرنی چاہیے۔
انہوں نے کہا کہ مگرمچھوں کے مسکن میں تیراکی، انہیں خوراک دینا اور بچوں یا پالتو جانوروں کو پانی کے کنارے کے قریب لے جانا خطرناک ثابت ہوسکتا ہے۔

جِلٹ کے مطابق پانی میں موجود مگرمچھ کی آنکھیں سطح آب سے صرف تقریباً ایک انچ اوپر ہوتی ہیں، اس لیے اسے تیرنے والے شخص کا صرف سر اور بازو حرکت کرتے ہوئے دکھائی دے سکتے ہیں، جس کے باعث وہ انسان کو چھوٹا شکار سمجھ سکتا ہے۔
انہوں نے کہا کہ خطرناک صورت حال سے بچنے کا بہترین طریقہ یہ ہے کہ لوگ ایسے علاقوں میں جانے سے ہی گریز کریں، کیونکہ مگرمچھوں کے مسکن میں تیراکی انتہائی خطرناک ہوسکتی ہے۔
مزید پڑھیں: برطانیہ میں مگرمچھ کے باڑے میں 3 سالہ بچے کے زخمی ہونے کا واقعہ، مشتبہ شخص ضمانت پر رہا
شیرف آفس کے مطابق حملے کے بعد فلوریڈا کے ایک لائسنس یافتہ وائلڈ لائف ٹریپر نے موقع پر پہنچ کر متعلقہ مگرمچھ کو پکڑنے کے لیے جال بچھا دیے ہیں۔
فلوریڈا فش اینڈ وائلڈ لائف کنزرویشن کمیشن واقعے کی تحقیقات کر رہا ہے، جبکہ شیرف آفس نے شہریوں کو آبی گزرگاہوں کے قریب احتیاط برتنے اور تمام حفاظتی پابندیوں پر عمل کرنے کی ہدایت کی ہے۔
حکام نے واضح کیا کہ جہاں تیراکی ممنوع ہو وہاں پانی میں اترنے سے گریز کیا جائے۔














