جونیئرایشیا ہاکی کپ: پاکستان کی بنگلہ دیش کو بھی 0-3 سےشکست، سیمی فائنل میں جنوبی کوریا سے مقابلہ ہوگا

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

جونئیر مینز ایشیا کپ 2026 کے اہم مقابلے میں پاکستان نے بنگلہ دیش کو 0-3 سے یکطرفہ مقابلے کے بعد شکست دے کر پول ’بی‘ میں پہلی پوزیشن حاصل کر لی ہے۔

اس کامیابی کے ساتھ ہی گرین شرٹس نے ایونٹ کے سیمی فائنل میں جگہ بنا لی ہے جہاں ان کا مقابلہ جمعہ کو جنوبی کوریا سے ہو گا۔

بنگلہ دیش کے خلاف شاندار فتح

موقی ٹریننگ بیس پر کھیلے گئے پول ’بی‘ کے میچ میں پاکستان جونئیر ہاکی ٹیم نے ابتدا ہی سے جارحانہ کھیل کا مظاہرہ کیا۔

میچ کے پہلے ہی کوارٹر میں رانا وحید اشرف نے بہترین کھیل پیش کرتے ہوئے 2 شاندار گول داغ کر ٹیم کو مضبوط برتری دلا دی۔

یہ بھی پڑھیں:خواتین جونیئر ایشیا کپ 2026: پاکستان ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

دوسرے اور تیسرے کوارٹر میں دونوں ٹیموں کو کئی پینلٹی کارنرز ملنے کے باوجود کوئی گول نہ ہو سکا۔ کھیل کے 52ویں منٹ میں غلام مصطفیٰ نے گیند کو جال کی راہ دکھا کر پاکستان کی برتری 0-3 کر دی، جو میچ کے اختتام تک برقرار رہی۔

پول بی میں پہلی پوزیشن اور ورلڈ کپ کوالیفائر

اس فتح کے ساتھ ہی پاکستان نے ٹورنامنٹ میں مسلسل چوتھی کامیابی حاصل کی اور 12 پوائنٹس کے ساتھ اپنے گروپ میں سب سے اوپر رہا۔ پورے گروپ مرحلے میں گرین شرٹس کا گول ڈیفرنس 23 رہا۔

یہ ٹورنامنٹ ایف آئی ایچ جونئیر ہاکی ورلڈ کپ کے لیے کوالیفائنگ راؤنڈ کا بھی درجہ رکھتا ہے۔ پاکستان اب جمعہ کو فائنل میں جگہ بنانے کے لیے جنوبی کوریا کے خلاف میدان میں اترے گا۔

ٹورنامنٹ میں شاندار سفر

پاکستان نے اس ایونٹ میں اپنے سفر کا آغاز انتہائی شاندار انداز میں کیا تھا۔ گرین شرٹس نے اپنے پہلے میچ میں قازقستان کو 0-15 سے آؤٹ کلاس کیا، جس کے بعد میزبان ملک چین 2-4 سے شکست دی۔

مزید پڑھیں:ویمنز جونیئر ہاکی ایشیا کپ، پاکستانی ٹیم شرکت کرے گی

تیسرے گروپ میچ میں پاکستان نے ملائیشیا کی مضبوط ٹیم کو 2-5 سے زیر کر کے پہلے ہی ناک آؤٹ مرحلے میں اپنی جگہ یقینی بنا لی تھی۔

ویمنز جونئیر ایشیا کپ میں بھی اہم پیش قدمی

دوسری جانب ویمنز جونئیر ایشیا کپ میں بھی پاکستان کی قومی ٹیم نے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

قازقستان کے خلاف کھیلے گئے اہم مقابلے میں قازقستان کی زانسایا امان گیلدی نے 5ویں منٹ میں گول کر کے برتری حاصل کی تھی، جسے آخری کوارٹر میں پاکستانی کپتان شائقہ سرور نے گول کر کے 1-1 سے برابر کر دیا اور ٹیم کی کوارٹر فائنل میں رسائی ممکن بنا دی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp