خواتین جونیئر ایشیا کپ 2026: پاکستان ٹیم کوارٹر فائنل میں پہنچ گئی

بدھ 9 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان ویمنز جونیئر ایشیا کپ 2026 کے چیلنجر پول کے اہم میچ میں قازقستان کے خلاف 1-1 سے مقابلہ ڈرا کر کے کوارٹر فائنل کے لیے کوالیفائی کر لیا ہے۔

دونوں ٹیموں کے درمیان شاندار اور سنسنی خیز مقابلہ دیکھنے میں آیا۔ میچ کا آغاز قازقستان نے زیادہ جارحانہ انداز میں کیا اور پہلے کوارٹر کے 15 ویں منٹ میں امان گیلڈی ژانسایا نے بہترین موو کا اختتام گول کی صورت میں کر کے اپنی ٹیم کو 1-0 کی برتری دلا دی۔

پاکستان نے خسارے میں جانے کے بعد واپسی کے لیے حملے تیز کیے اور برابری کی مسلسل کوششیں کیں۔ اگرچہ پاکستانی کھلاڑیوں نے پہلے ہاف میں متعدد مواقع بنائے تاہم قازقستان کا دفاع وقفے تک اس برتری کو برقرار رکھنے میں کامیاب رہا۔

وقفے کے بعد بھی مقابلہ سخت رہا اور پاکستانی کھلاڑیوں کا دباؤ برقرار رہا۔ بالآخر چوتھے کوارٹر کے 55 ویں منٹ میں پاکستانی کپتان شارقہ سرور نے شاندار فیلڈ موو پر گول اسکور کر کے مقابلے کو 1-1 سے برابر کر دیا۔

میچ کے آخری منٹوں میں دونوں ٹیموں نے فتح کے لیے زبردست حملے کیے، تاہم کوئی بھی ٹیم مزید گول نہ کر سکی۔ میچ 1-1 پر ختم ہوا، جو پاکستان کو اگلے مرحلے یعنی کوارٹر فائنل میں پہنچانے کے لیے کافی تھا جہاں ٹیم اپنی شاندار کارکردگی کا تسلسل برقرار رکھنے کی کوشش کرے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp