نایاب اعصابی بیماری سے جنگ، سیلین ڈیون کی موسیقی کی دنیا میں واپسی

ہفتہ 12 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پیرس: عالمی شہرت یافتہ کینیڈین گلوکارہ سیلین ڈیون چھ سال کے طویل وقفے کے بعد ہفتے کی شب پیرس میں ایک بار پھر اسٹیج پر جلوہ گر ہونے جا رہی ہیں، جس پر دنیا بھر میں ان کے مداح بے حد پرجوش ہیں۔

’مائی ہارٹ وِل گو آن‘ سے شہرت حاصل کرنے والی 58 سالہ گلوکارہ کا یہ چھ سال بعد پہلا مکمل کنسرٹ ہوگا۔

یہ بھی پڑھیں: کاسمیٹک سرجری کے دوران 27 سالہ معروف انفلوئنسر اولیویا اوراس انتقال کر گئیں

ان کی اسٹیج پر واپسی کو ایک بڑی کامیابی قرار دیا جا رہا ہے کیونکہ وہ گزشتہ کئی برس سے اسٹیف پرسن سنڈروم نامی نایاب اعصابی بیماری کا سامنا کر رہی ہیں، جس کے باعث انہیں متعدد شوز منسوخ کرنا پڑے اور گانے میں بھی شدید مشکلات کا سامنا رہا۔

پیرس کے نواح میں واقع پلینٹیوڈ ایرینا میں ہونے والے افتتاحی کنسرٹ میں تقریباً 30 ہزار مداحوں کی شرکت متوقع ہے۔

یہ کنسرٹ ان کے پیرس میں 26 شوز پر مشتمل پروگرام کا آغاز ہوگا، جن میں سے ستمبر اور اکتوبر کے 16 شوز پہلے ہی مکمل طور پر فروخت ہو چکے ہیں، جبکہ مزید 10 شوز اگلے سال مئی میں ہوں گے۔

میڈیا رپورٹس کے مطابق، کئی مداح سیلین ڈیون کی واپسی کا جشن منانے کے لیے ایک روز قبل ہی کنسرٹ مقام پر پہنچ گئے۔

لندن سے اپنی اہلیہ کے ہمراہ آنے والی ایک مداح چلو رائکوسٹ نے کہا کہ سیلین ڈیون ایک لیجنڈ اور آئیکون ہیں، اس لیے ان کی واپسی کے پہلے شو میں شرکت کرنا ان کے لیے بہت اہم تھا۔

جوڑے نے ٹکٹوں کے لیے تقریباً 1,500 پاؤنڈ خرچ کیے، تاہم ان کا کہنا تھا کہ سیلین ڈیون کو دوبارہ اسٹیج پر دیکھنے کے لیے یہ قیمت بھی قابلِ قبول ہے۔

مداحوں کا منفرد جشن

چار دہائیوں پر محیط اپنے شاندار کیریئر کے دوران سیلین ڈیون انگریزی اور فرانسیسی زبان میں تقریباً 26 کروڑ البمز فروخت کر چکی ہیں۔

ان کے مقبول گیتوں میں ’اِٹس آل کمنگ بیک ٹو می ناؤ‘ اور ’بیکاز یو لَوڈ می‘ بھی شامل ہیں۔

جن مداحوں کو کنسرٹ کے ٹکٹ نہیں مل سکے، انہوں نے بھی اپنی پسندیدہ گلوکارہ کی واپسی کا جشن منانے کے منفرد طریقے تلاش کر لیے۔

مزید پڑھیں: کاسمیٹک سرجری کے دوران 27 سالہ معروف انفلوئنسر اولیویا اوراس انتقال کر گئیں

پیرس کے مختلف علاقوں میں سیلین ڈیون کے اعزاز میں لباس کے مقابلے، بڑے پیمانے پر کیری اوکی پارٹیاں اور دریائے سین پر خصوصی تقریبات منعقد کی جا رہی ہیں۔

جمعے کو پیرس کے شمال مشرقی علاقے میں سینکڑوں افراد نے مفت سنگ ا لانگ میں شرکت کی اور سیلین ڈیون کے مشہور گیت گاتے ہوئے ان کی واپسی کا جشن منایا۔

بیماری کے باوجود واپسی کا عزم

سیلین ڈیون نے دسمبر 2022 میں انکشاف کیا تھا کہ وہ اسٹیف پرسن سنڈروم میں مبتلا ہیں، جو ایک نایاب اور ناقابلِ علاج خودکار مدافعتی بیماری ہے جو جسم میں شدید اکڑاؤ اور تکلیف دہ پٹھوں کے کھچاؤ کا باعث بن سکتی ہے۔

گلوکارہ کے مطابق بیماری کے دوران انہیں ایسے شدید درد اور کھچاؤ کا سامنا کرنا پڑا کہ بعض اوقات انہیں یوں محسوس ہوتا تھا جیسے ان کا گلا گھونٹا جا رہا ہو، شدید اینٹھن کے باعث ان کی پسلیاں تک ٹوٹ چکی ہیں۔

مزید پڑھیں: چینی روایتی موسیقی کی محفل، نوجوان فنکاروں کی مشترکہ پرفارمنس

بیماری نے انہیں اپنے کئی کنسرٹس منسوخ کرنے پر مجبور کیا، تاہم سیلین ڈیون نے اسٹیج پر واپسی کی امید نہیں چھوڑی۔

2024 کے پیرس اولمپکس کی افتتاحی تقریب میں ایفل ٹاور پر ایڈتھ پیاف کا مشہور گیت ’ہِمن ٹو لَو‘ گا کر انہوں نے شائقین کو اپنی واپسی کی ایک جھلک دکھائی تھی۔

اب 6 سال بعد ان کا مکمل کنسرٹ ان کے اس عزم کی تکمیل بننے جا رہا ہے کہ وہ ایک بار پھر اسٹیج پر کھڑی ہوں گی اور اپنی آواز کا جادو جگائیں گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp