سلو اوور ریٹ: پاکستان پر جرمانہ، ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے 11 پوائنٹس بھی کٹ گئے

پیر 14 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

انگلینڈ کے خلاف تیسرے اور آخری ٹیسٹ میں سلو اوور ریٹ پر پاکستان کو دوہری سزا کا سامنا کرنا پڑ گیا، جب انٹرنیشنل کرکٹ کونسل نے پاکستانی ٹیم پر میچ فیس کا 50 فیصد جرمانہ عائد کرنے کے ساتھ ساتھ جاری ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ سائیکل میں اس کے 11 پوائنٹس بھی منہا کر دیے۔

ایجبسٹن میں کھیلے گئے ٹیسٹ میں وقت کی رعایت کو مدنظر رکھنے کے بعد پاکستان 11 اوورز کم کرانے کا ذمہ دار قرار پایا گیا، انگلینڈ نے یہ ٹیسٹ 8 وکٹوں سے جیتا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان ٹیسٹ کرکٹ میں ناپسندیدہ ریکارڈ کا شکار، بیرونِ ملک مسلسل آٹھویں شکست

آئی سی سی ایلیٹ پینل آف میچ ریفریز کے رنجن مدوگالے نے پاکستان کے خلاف کارروائی کی، جبکہ فیلڈ امپائرز پال ریفل اور کرس گیفنی، تھرڈ امپائر اللہ الدین پالیکر اور فورتھ امپائر رسل وارن نے سلو اوور ریٹ کی خلاف ورزی کا چارج عائد کیا تھا۔

آئی سی سی کوڈ آف کنڈکٹ کے آرٹیکل 2.22 کے تحت مقررہ وقت میں ہر کم کرائے گئے اوور پر کھلاڑیوں پر میچ فیس کا 5 فیصد جرمانہ عائد کیا جاتا ہے، تاہم مجموعی جرمانہ زیادہ سے زیادہ 50 فیصد میچ فیس تک محدود ہے۔

اسی طرح ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی پلیئنگ کنڈیشنز کے آرٹیکل 16.11.2 کے تحت مقررہ اوورز سے ہر ایک اوور کم ہونے پر ایک پوائنٹ کی کٹوتی کی جاتی ہے، چنانچہ پاکستان کے مجموعی پوائنٹس میں سے 11 پوائنٹس منہا کر دیے گئے۔

مزید پڑھیں: ٹیسٹ کرکٹ کی دوسری اننگز میں پاکستانی بیٹرز کی بدترین کارکردگی، حیران کن اعداد و شمار

11 پوائنٹس کی کٹوتی کے بعد پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کی موجودہ پوائنٹس ٹیبل میں مزید نیچے چلا گیا ہے اور 4.63 فیصد پوائنٹس کے ساتھ 9ویں نمبر پر موجود ہے۔

پاکستان ورلڈ ٹیسٹ چیمپیئن شپ کے اگلے مرحلے میں نومبر میں سری لنکا کی میزبانی کرے گا، دونوں ٹیموں کے درمیان 2 ٹیسٹ میچز پر مشتمل سیریز راولپنڈی اورلاہور میں کھیلی جائے گی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp