بھارت کے شہر گوہاٹی میں بیوی کو مبینہ طور پر قتل کرکے اس کا سر فریج میں رکھنے والا 30 سالہ شخص پولیس کی گاڑی سے کودنے کے بعد ہلاک ہوگیا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے دورانِ حراست چلتی گاڑی سے چھلانگ لگائی اور گہری کھائی میں جاگرا۔
پولیس کے مطابق یہ واقعہ پیر کی علی الصبح پیش آیا، جب اہلکار طبی معائنے کے بعد رامانوج گوسوامی کو گوہاٹی میڈیکل کالج اینڈ اسپتال سے ہاتی گاؤں تھانے واپس لے جا رہے تھے۔ نارکاسور پہاڑی کے قریب ملزم نے اچانک پولیس اہلکاروں پر حملہ کیا اور چلتی گاڑی سے چھلانگ لگا دی، جس کے نتیجے میں اسے شدید چوٹیں آئیں۔
یہ بھی پڑھیے سالگرہ کے دن بیوی کو قتل کرنے والے پولیس اہلکار نے سروس پستول سے اپنی زندگی بھی ختم کر لی
پولیس اہلکاروں نے اسے فوری طور پر اسپتال منتقل کیا، تاہم ڈاکٹروں نے اسے مردہ قرار دے دیا۔ رامانوج گوسوامی کو 3 ستمبر کو گوہاٹی میں واقع اپنے فلیٹ میں 25 سالہ اہلیہ ریا تالوکدار کو مبینہ طور پر قتل کرنے کے الزام میں گرفتار کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق ملزم نے اپنی اہلیہ پر بے وفائی کا شبہ ظاہر کیا تھا۔
واقعہ اس وقت سامنے آیا جب پڑوسیوں نے فلیٹ سے آنے والی شدید بدبو کی شکایت کی۔ پولیس نے بعد ازاں فریج میں رکھے سیاہ پلاسٹک کے تھیلے سے مقتولہ کا کٹا ہوا سر اور انگلیاں برآمد کیں۔ پولیس نے مبینہ طور پر واردات میں استعمال ہونے والی خون آلود چھری نما دھار دار آلے کو بھی قبضے میں لیا۔
ملزم کے خلاف بھارتیہ نیائے سنہتا کی دفعات 103(1) (قتل) اور 238 (شواہد مٹانے) کے تحت مقدمہ درج کیا گیا تھا۔ پولیس کے مطابق اس نے 6 ستمبر کو خود کو پولیس کے حوالے کیا تھا اور وہ 7 روزہ جسمانی ریمانڈ پر تھا۔
یہ بھی پڑھیے شوہر نے بیوی کو پھانسی دے کر قتل کر دیا، سسرال والوں کو ویڈیو کال پر آخری لمحات دکھائے
اہلکاروں کا کہنا ہے کہ ملزم نے دورانِ تفتیش بتایا تھا کہ واردات کے وقت وہ نشے میں تھا، جبکہ فلیٹ سے شراب کی خالی بوتلیں بھی ملی تھیں۔
مقتولہ کے اہل خانہ نے ملزم پر منشیات کے عادی ہونے اور ماضی میں مالی فراڈ کے مقدمے میں گرفتار ہونے کے الزامات بھی عائد کیے تھے، جن کی پولیس تحقیقات کر رہی تھی۔














