اے آئی سے پوری انسانیت کے خاتمے کا خدشہ، سابق گوگل ڈیپ مائنڈ محقق کا انتباہ

منگل 15 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

گوگل ڈیپ مائنڈ کے سابق ملازم اور مصنوعی ذہانت یعنی اے آئی کے محقق بلال چغتائی نے خبردار کیا ہے کہ مصنوعی ذہانت میں انسانیت کو ختم کرنے کی صلاحیت موجود ہے اور اس خطرے سے بچنے کے لیے ممکنہ طور پر وقت تیزی سے کم ہو رہا ہے۔

بلال چغتائی نے پیر کو سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر اپنے بیان میں کہا کہ انہوں نے حال ہی میں گوگل ڈیپ مائنڈ سے استعفیٰ دیا ہے، جہاں وہ مصنوعی عمومی ذہانت کی حفاظت اور ’الائنمنٹ‘ سے متعلق تحقیق پر کام کر رہے تھے۔

یہ بھی پڑھیں: اے آئی کی دوڑ انسانیت کو تباہی کے قریب لے جا رہی ہے، اینتھروپک کے محقق مستعفی

’مجھے سنجیدگی سے یقین ہے کہ اے آئی ہم سب کو ختم کرنے کی صلاحیت رکھتی ہے اور ممکن ہے کہ اس انجام سے بچنے کے لیے ہمارے پاس وقت کم ہوتا جا رہا ہو۔‘

اے آئی کے ممکنہ تباہ کن اثرات کے حوالے سے ماہرین کی تشویش میں حالیہ دنوں میں اضافہ ہوا ہے۔

گزشتہ ہفتے اینتھروپک کے محقق جیکب کوکسن نے استعفیٰ دینے کا اعلان کرتے ہوئے کہا تھا کہ اس کی ایک وجہ یہ بھی تھی کہ اے آئی تیار کرنے والے بعض ماہرین سنجیدگی سے سمجھتے ہیں کہ یہ ٹیکنالوجی رواں دہائی کے اختتام تک پوری انسانیت کو ختم کر سکتی ہے۔

اینتھروپک کے سائنس دان ایون ہوبنگر نے بھی کوکسن کے خدشات سے اتفاق کرتے ہوئے کہا کہ ان کے خیال میں آئندہ ایک دہائی کے دوران اے آئی کے ہاتھوں پوری انسانیت کے خاتمے کا امکان 10 فیصد سے زیادہ ہے۔

مزید پڑھیں: طاقتور اے آئی ماڈلز سیکیورٹی کے لیے نیا خطرہ، حیاتیاتی ہتھیاروں کی تیاری آسان ہونے کا خدشہ

بلال چغتائی نے گوگل ڈیپ مائنڈ میں بطور ریسرچ انجینئر کام کیا اور مصنوعی عمومی ذہانت کی حفاظت سے متعلق تحقیقی مقالوں کے شریک مصنف بھی رہے۔

حالیہ خدشات کے تناظر میں اینتھروپک کے چیف ایگزیکٹو ڈاریو امودی نے بھی ہفتے کے اختتام پر جدید اے آئی کی ترقی کی رفتار کم کرنے پر زور دیا۔

ان کے مؤقف کو اسپیس ایکس کے سربراہ ایلون مسک اور اوپن اے آئی کے چیف ایگزیکٹو سیم آلٹ مین کی جانب سے بھی غیر معمولی حمایت حاصل ہوئی، جس کے بعد اے آئی کے ممکنہ خطرات اور ’ڈومر ازم‘ کے حوالے سے نئی بحث چھڑ گئی۔

مزید پڑھیں: اے آئی سے کن ملازمتوں کو سب سے زیادہ خطرہ؟ نئی تحقیق نے خبردار کردیا

بلال چغتائی کا کہنا تھا کہ اے آئی کی محفوظ ترقی ممکن ہے، تاہم اس کے لیے مختلف کمپنیوں کے درمیان تعاون اور رابطہ ضروری ہوگا تاکہ ’اے آئی کمپنیوں کے درمیان جاری جنونی دوڑ‘ سے بچا جا سکے۔

انہوں نے کہا کہ اے آئی کی ترقی کی رفتار کو اتنا رکھا جانا چاہیے جسے معاشرہ سنبھال سکے اور اس دوران سامنے آنے والے خطرات کا تدارک انتہائی نقصان پہنچنے سے قبل کیا جا سکے۔

دوسری جانب امریکی صدر ڈونلڈ ٹرمپ نے اے آئی کے خطرات سے متعلق انتباہات کو مسترد کرتے ہوئے سوشل میڈیا پر کہا ہے کہ اے آئی صنعت کی جانب سے ضابطہ کاری کا مطالبہ ایک ’ڈھونگ‘ ہے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp