125 ملین ڈالر سے زائد خرچ کرنے کے بعد بھی مارک زکربرگ کی اہلیہ کا اسکول کیوں بند ہوگیا؟

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

میٹا کے سربراہ مارک زکربرگ کی اہلیہ پریسیلا چان کی جانب سے قائم کیا گیا نجی اسکول تقریباً ایک دہائی تک جاری رہنے کے بعد بند کردیا گیا، جس پر چان زکربرگ انیشی ایٹو (CZI) نے 12 کروڑ 50 لاکھ ڈالر سے زائد رقم خرچ کی۔

پریسیلا چان نے 2016 میں کیلیفورنیا کے شہر ایسٹ پالو آلٹو میں ’دی پرائمری اسکول‘ کی مشترکہ بنیاد رکھی تھی۔ اس منصوبے کا مقصد کم آمدنی والے خاندانوں کے بچوں کو تعلیم کے ساتھ صحت اور دیگر بنیادی سہولیات فراہم کرنا تھا۔

یہ بھی پڑھیں: مارک زکربرگ کا اے آئی کے ذریعے 60 فیصد تک اسٹاف کم کرنے کا منصوبہ ناکام، مگر کیسے؟

اسکول میں بچوں کی مجموعی فلاح و بہبود کو مدنظر رکھتے ہوئے دانتوں کے معائنے، صحت و تندرستی سے متعلق کوچنگ اور ابتدائی طبی و تعلیمی مسائل کی نشاندہی سمیت مختلف سہولیات فراہم کی جاتی تھیں۔

تاہم ایک دہائی کے دوران بھاری مالی معاونت کے باوجود اسکول کو تعلیمی کارکردگی کے حوالے سے مشکلات کا سامنا رہا اور طلبہ کے نتائج متعدد مواقع پر ریاستی معیار سے کم رہے۔ اس کے علاوہ پرنسپلز کی بار بار تبدیلی اور دیگر انتظامی مسائل بھی اسکول کی کارکردگی میں رکاوٹ بنتے رہے۔

یہ بھی پڑھیں: پاکستان کی آئی ٹی برآمدات 3.5 ارب ڈالر تک پہنچ گئیں، مگر عالمی مارکیٹ میں حصہ اب بھی کم ہے، چیئرمین پاشا

وال اسٹریٹ جرنل کی رپورٹ کے مطابق اپریل 2025 میں اسکول کے بورڈ نے متفقہ طور پر اسے بند کرنے کا فیصلہ کیا، جب اسے معلوم ہوا کہ CZI تعلیمی سال 2025-26 کے بعد مزید مالی معاونت جاری نہیں رکھے گا۔ اسکول نے رواں برس جون میں باقاعدہ طور پر اپنے دروازے بند کردیے۔

بورڈ کے صدر ژاں کلاڈ برزارڈ کے مطابق اسکول بند کرنے کا فیصلہ اس کے سب سے بڑے مالی معاون ادارے کے ساتھ ہم آہنگی میں کیا گیا۔ تاہم CZI نے واضح کیا کہ بندش کا فیصلہ اسکول کے بورڈ نے کیا تھا اور ادارے نے اپنی ترجیحات تبدیل کرتے ہوئے اب زیادہ توجہ سائنسی تحقیق پر مرکوز کردی ہے۔

یہ بھی پڑھیں: شہزادہ ہیری نے میگھن مارکل کو شہزادی ڈیانا کی فلم میں اہم کردار دینے کا فیصلہ کرلیا

رپورٹ کے مطابق اسکول کی تعلیمی کارکردگی توقعات کے مطابق نہ ہونے کے باوجود طلبہ کی صحت، سماجی و جذباتی صلاحیتوں اور مجموعی بہبود کے حوالے سے بعض مثبت نتائج سامنے آئے۔ تقریباً 85 فیصد طلبہ کا ہر سال معمول کا صحت معائنہ ہوتا تھا جبکہ اسی کاؤنٹی میں میڈیکیڈ پر موجود بچوں میں یہ شرح 55 فیصد تھی۔

اسکول بند ہونے کے اعلان کے وقت اس کے دو کیمپسز میں تقریباً 540 بچے زیرِ تعلیم تھے۔ والدین نے اسکول کی بندش پر شدید مایوسی کا اظہار کرتے ہوئے اسے اپنے بچوں اور خاندانوں کے لیے اہم سہارا قرار دیا۔

یہ بھی پڑھیں: پولیس فائرنگ، ملاوٹ اور قتل کیس، سپریم کورٹ کے اہم ریمارکس اور فیصلے

بچوں کی منتقلی میں مدد کے لیے چان زکربرگ انیشی ایٹو نے 5 کروڑ ڈالر فراہم کرنے کا وعدہ کیا ہے جس میں اسکول کی لیز کے اخراجات، مقامی تنظیموں کی معاونت اور خاندانوں کے لیے تعلیمی سیونگز اکاؤنٹس شامل ہیں۔

تعلیمی شعبے کے ماہرین کے مطابق یہ منصوبہ اس بات کی مثال ہے کہ بڑے پیمانے پر فلاحی سرمایہ کاری کے باوجود تعلیمی نظام میں پائیدار بہتری لانا ایک پیچیدہ اور طویل المدتی عمل ہے۔ خود پریسیلا چان نے بھی تسلیم کیا کہ اسکول کے نتائج وہ نہیں تھے جو ان کے مطابق ہونے چاہییں تھے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp