موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک گاڑیوں کے مالکان کے لیے فیول سبسڈی، وزیراعظم کا بڑا حکم

بدھ 16 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

وزیراعظم پاکستان شہباز شریف کی زیر صدارت خلیج کی صورتحال کے پیش نظر پیٹرولیم مصنوعات کی قیمتوں میں اضافے سے کم آمدنی اور متوسط طبقے کو ریلیف کی فراہمی کے لیے پی ایم اسپیشل ریلیف اسکیم کی پیشرفت کا جائزہ لینے کے لیے اجلاس ہوا۔

اجلاس میں وزیراعظم کو فیول سبسڈی اسکیم پر پیشرفت کے حوالے سے بریفنگ دی گئی۔

مزید پڑھیں: فیول ریلیف: وفاقی وزرا کی جماعت اسلامی کے وفد کو بریفنگ، لیاقت بلوچ نے حکومتی اعلامیہ مسترد کردیا

بتایا گیا کہ اسکیم کے تحت موٹر سائیکل، رکشہ اور 800 سی سی تک کی گاڑیوں کے مالکان کو فیول سبسڈی فراہم کی جا رہی ہے۔

وزیراعظم شہباز شریف نے عوام کے لیے سبسڈی کے آسان حصول کو یقینی بنانے کے لیے انتظامیہ، رضاکاروں اور پیٹرول پمپ کے عملے پر مشتمل سہولت ڈیسک قائم کرنے کی ہدایت کی۔

وزیراعظم نے کہاکہ ریلیف کی فراہمی کے لیے سہولت ڈیسک پر موجود افراد اسکیم کے مستحق شہریوں کی رہنمائی کریں اور عوام کو رجسٹریشن سمیت دیگر ضروری مراحل میں ہر ممکن رہنمائی فراہم کی جائے۔

انہوں نے متعلقہ حکام کو عوام میں اسکیم سے متعلق کسی بھی قسم کی آگاہی کے لیے متحرک رہنے کی بھی ہدایت کی۔

اسکیم کا دائرہ پورے ملک تک بڑھا دیا گیا

اجلاس کو بریفنگ میں بتایا گیا کہ اسلام آباد میں اسکیم کے پائلٹ منصوبے کے افتتاح کے بعد اب پورے ملک، بشمول آزاد جموں و کشمیر اور گلگت بلتستان، میں اسکیم کا افتتاح کیا جا چکا ہے۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کو عوام کے لیے انتہائی آسان فہم بنایا گیا ہے اور اس کی رجسٹریشن کے لیے صرف چار معلومات درکار ہیں۔

حکام کے مطابق شناختی کارڈ نمبر، گاڑی کا نمبر پلیٹ، رجسٹریشن کا صوبہ اور گاڑی کی رجسٹریشن کی تاریخ اسکیم میں رجسٹریشن کے لیے درکار چار بنیادی معلومات ہیں۔

بریفنگ میں بتایا گیا کہ فیول سبسڈی اسکیم کی مکمل تفصیلات اردو ویب سائٹ www.pmfuelrelief.pk پر دستیاب ہیں، جبکہ کامیاب رجسٹریشنز کی تعداد میں بتدریج اضافہ ہو رہا ہے۔

مزید پڑھیں: ای سی سی اجلاس: وزیراعظم کے فیول ریلیف پیکج کی منظوری سمیت اہم فیصلے

حکام نے اجلاس کو بتایا کہ اسکیم کو ملک گیر سطح پر نافذ کرنے کے لیے صوبائی حکومتیں بھرپور تعاون کررہی ہیں۔

اجلاس میں نائب وزیراعظم و وزیر خارجہ اسحاق ڈار، وفاقی وزرا احد خان چیمہ، عطااللہ تارڑ، شزا فاطمہ خواجہ، علی پرویز ملک، وزیر مملکت برائے خزانہ بلال اظہر کیانی، معاون خصوصی طارق باجوہ اور متعلقہ اداروں کے اعلیٰ افسران نے شرکت کی۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp