مکہ مکرمہ پر حملے کی شدید مذمت، پاکستان سعودی عرب کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے: دفترِ خارجہ

جمعرات 17 ستمبر 2026
icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp

پاکستان نے مقدس شہر مکہ مکرمہ کی سمت کیے گئے حملے اور سعودی عرب پر حوثی باغیوں کی مسلسل جارحیت کی شدید الفاظ میں مذمت کرتے ہوئے واضح کیا ہے کہ حرمین شریفین کی حرمت اور سعودی عرب کی علاقائی سالمیت پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیا جائے گا۔

دفتر خارجہ میں ہفتہ وار نیوز بریفنگ دیتے ہوئے ترجمان سجاد حیدر خان نے کہا کہ مکہ مکرمہ کو نشانہ بنانے کی کوشش ایک گھناؤنا اور انتہائی تشویش ناک اقدام ہے، جس سے دنیا بھر کے کروڑوں مسلمانوں کے مذہبی جذبات شدید مجروح ہوئے ہیں۔

انہوں نے کہا کہ پاکستان سعودی عرب کی خودمختاری، امن اور علاقائی سالمیت کے تحفظ کے لیے اپنے برادر ملک کے ساتھ شانہ بشانہ کھڑا ہے۔ پاکستان سعودی عرب کے شہری علاقوں اور تنصیبات پر حوثی شدت پسندوں کے حملوں کی پرزور مذمت کرتا ہے۔ نائب وزیراعظم اور وزیر خارجہ اسحاق ڈار نے بھی دہشتگردانہ حملے کی مذمت کی ہے۔

یہ بھی پڑھیے مذاکرات ہی خطے کے مسائل کا واحد حل، اسلام آباد مفاہمتی یادداشت پر عملدرآمد کے لیے سرگرم ہیں، ترجمان دفتر خارجہ

ترجمان نے کہا کہ پاکستان رواں ہفتے مشرقی مغرب پائپ لائن پر ہونے والے حملے کی بھی مذمت کرتا ہے اور بڑھتے ہوئے تناؤ اور اس کے اثرات پر شدید تحفظات رکھتا ہے۔

انہوں نے سعودی مسلح افواج کی جانب سے بروقت اور مؤثر کارروائی کے ذریعے حملے کو ناکام بنانے کو سراہا۔

ترجمان نے کہا کہ اسلام آباد مشرق وسطیٰ میں بڑھتی ہوئی کشیدگی کا انتہائی سنجیدگی سے جائزہ لے رہا ہے۔ خطے میں پائیدار امن اور تنازعات کے حل کے لیے پاکستان ہمیشہ سفارت کاری اور پرامن مذاکرات کی حمایت کرتا ہے۔

انہوں نے بتایا کہ نائب وزیراعظم اسحاق ڈار نے بین الاقوامی ایٹمی توانائی ایجنسی کے سربراہ رافیل گروسی سے ٹیلیفون پر بات چیت کی۔

ترجمان نے کہا کہ لبنان کے وزیر خارجہ احمد حجار نے حال ہی میں پاکستان کا دورہ کیا، جبکہ سزا یافتہ افراد کے تبادلے کے لیے مفاہمتی یادداشت پر بھی دستخط کیے گئے۔

یہ بھی پڑھیے خطے میں جنگ کے خاتمے کے لیے سفارتکاری ناگزیر، ترجمان دفتر خارجہ کی بریفنگ

انہوں نے بتایا کہ بھارتی بحری جہاز نے 15 ستمبر 2026 کو پاکستانی خصوصی اقتصادی زون میں پاک بحریہ کے جہاز کے قریب جارحانہ انداز میں نقل و حرکت کی۔ بھارت نے بین الاقوامی قانون اور دوطرفہ معاہدے کی سنگین خلاف ورزی کی۔

ترجمان کے مطابق اس واقعے پر بھارت کے ناظم الامور کو گزشتہ رات دفتر خارجہ طلب کیا گیا، جبکہ آج نئی دہلی میں پاکستانی ناظم الامور بھی بھارتی وزارت خارجہ میں احتجاج ریکارڈ کرائیں گے۔

آپ اور آپ کے پیاروں کی روزمرہ زندگی کو متاثر کرسکنے والے واقعات کی اپ ڈیٹس کے لیے واٹس ایپ پر وی نیوز کا ’آفیشل گروپ‘ یا ’آفیشل چینل‘ جوائن کریں

icon-facebook icon-twitter icon-whatsapp